نادرا نے ملک بھر کے کنٹونمنٹ ایریاز کی حتمی ا نتخابی فہرستیں الیکشن کمیشن کو فراہم کردیں

جمعرات 2 اپریل 2015 22:08

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) نادرا کے ترجمان نے کہا ہے کہ نادرا نے ملک بھر کے کنٹونمنٹ ایریاز میں لوکل گورنمنٹ کے انتخابات کے انعقاد میں استعمال کیلئے حتمی الیکشن فہرستیں الیکشن کمیشن کے حوالے کردیں ہیں۔ جمعرات کو ترجمان نادرا کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق نادرا نے اپنے شہریوں کے ڈیٹابیس کو استعمال کرتے ہوئے ملک بھر میں کنٹونمنٹ کے علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کیلئے انتخابی فہرستیں کو اپ ڈیٹ کرنے کے عمل کے بعد الیکشن کمیشن کو فراہم کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں پہلی بار نادرا نے چھاؤنی کے علاقہ میں رہنے والی ہر ایک ووٹر کی تصویر کمپیوٹرائزڈ فہرستوں میں شامل کی ہے۔

(جاری ہے)

یہ ا قدام بہت سی سیاسی پارٹیوں اور سول سوسائٹی کے اداروں کی انتخابی فہرستوں میں دوہرے اندراج اور متعدد خامیوں کی نشان دہی کی بنا پر کیا گیا جو سابقہ انتخابی فہرستوں میں موجود تھیں ۔

قبل ازیں، پاکستان کے چھاؤنی کے علاقوں میں انتخابی فہرستیں خانہ شماری سے تیار کی جاتی تھیں جس میں فہرستوں پر پیش رفت اور تاریخ کی توثیق میں کئی خامیاں موجود تھیں۔ نادرا انتظامیہ نے اس پیچیدہ اور مشکل کام کو چیلنج اور پاکستانی عوام کی خدمت کے طور پرقبول کیا۔ سپریم کورٹ کی طرف سے دیئے گئے وقت پر کام مکمل کرنے کیلئے چیئرمین نادرا عثمان مبین نے بغیر وقفے سے کام کرنے اور تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے کی فوری ہدایات جاری کیں۔

ترجمان کے مطابق اس مدت کے دوران نادرا نے84,442 تازہ کمپیوٹر ائزڈکارڈز الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ووٹرز کی رجسٹریشن کے لئے فراہم کئے۔ترجمان نادرا نے ووٹرز کی تعداد بتاتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں چھاؤنی کے علاقوں میں رہنے والے کل ووٹرز کی تعداد 1,872,739 ہے جن میں سے 10,10,245 مرد اور 862,494 خواتین ہیں جو ملک کے 29 اضلاع پر مشتمل ہیں۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق نادرا کی طرف سے حتمی انتخابی فہرستوں کی فراہمی نے نامزدگی کے کاغذات کی وصولی کے عمل کو بروقت ممکن بنایا جو 2 اپریل 2015 سے شروع ہوچکاہے۔