آرمی چیف نے 6 دہشتگردوں کو سزائے موت کی توثیق کر دی

ایک دہشتگرد کو عمرقید کی سزاسنائی گئی ہے ،دہشت گرد اپنی سزا کے خلاف اپیل کا حق رکھتے ہیں، آئی ایس پی آر

جمعرات 2 اپریل 2015 22:08

آرمی چیف نے 6 دہشتگردوں کو سزائے موت کی توثیق کر دی

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) نیشنل ایکشن پلان کے تحت قائم کی گئی فوجی عدالتوں کا پہلا فیصلہ آگیا جس کے تحت خودکش حملوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث 6خطرناک دہشتگردوں کو سزائے موت اور ایک کو عمر قید کی سزاسنائی گئی ہے جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فوجی عدالتو ں سے سزائے موت پانے والے چھ قیدیوں کی سزا کی توثیق کر دی ۔

جمعرات کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں آرمی ترمیمی ایکٹ 2015 کے تحت قائم کی گئی ملٹری کورٹس نے اغوا ء برائے تاوان ،بڑے پیمانے پر جانی نقصان ،جائیداد کے نقصانات ،خودکش حملوں ، لوگوں کو ذبح کرنے سمیت دہشتگردی کے دیگرسنگین جرائم میں ملوث چھ قیدیوں کو سزائے موت سنائی تھی جس کی توثیق آرمی چیف نے کر دی ہے تاہم یہ دہشت گرد اپنی سزا کے خلاف اپیل کا حق رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق جن مجرموں کو سزائے موت سنائی گئی ہے ان میں نور سعید، مراد خان، عنایت اللہ ، اسرارالدین اور حیدر علی شامل ہیں جبکہ قاری ظاہرعباس کو عمرقید کی سزا سنائی گئی ہے ۔ پشا ور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 130 بچوں سمیت 140 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد ملک میں ملٹری کورٹس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد چھ سال سے ملک میں پھانسی کی سزاوٴں پر عملدرآمد پر عائد پابندی بھی ختم کر دی گئی تھی اور اب تک 40 سے زائد مجرموں کو پھانسیاں دی جاچکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :