یمن کے بحران کے پر امن حل اور امت مسلمہ میں اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، ا س سلسلے میں تمام فیصلے عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھ کر کئے جائیں گے، یمن میں پھنسے تمام پاکستانیوں کے انخلاء تک کوششیں جاری رکھی جائیں،پاکستان کا قومی مفاد اس کی پالیسی کا رہنما اصول رہے گا، وزیراعظم نواز شریف کا اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

اجلاس میں سعودی عرب کی علاقائی سا لمیت کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر پاکستان کی طرف سے سخت ردعمل کے عزم کا اعادہ

جمعرات 2 اپریل 2015 22:05

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے یمن کے بحران کے پر امن حل اور امت مسلمہ میں اتحاد کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں تمام فیصلے عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھ کر کئے جائیں گے، یمن میں پھنسے تمام پاکستانیوں کے انخلاء تک کوششیں جاری رکھی جائیں،پاکستان کا قومی مفاد اس کی پالیسی کا رہنما اصول رہے گا ۔

وہ جمعرات کو یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں یمن کی صورتحال کا جائزہ لینے کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس میں وزیراعظم کو یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے انخلاء کے بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے جو اس معاملے پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہیں، پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ یمن میں پھنسے ہوئے تمام پاکستانیوں کے انخلاء تک کوششیں جاری رکھی جائیں۔

اجلاس میں درج ذیل فیصلوں کا اعادہ کیا گیا۔ i، پاکستان کا قومی مفاد اس کی پالیسی کا رہنما اصول رہے گا۔ ii، پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے درمیان قریبی، تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات کی وجہ سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر پاکستان کی طرف سے سخت ردعمل ظاہر کیا جائے گا۔ ہمارے متعلقہ حکام اس سلسلے میں اپنے سعودی ہم منصبوں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان یمن میں ایک قانونی حکومت کو ختم کرنے کے لئے غیر ریاستی عناصر کی سخت مذمت کرتا ہے اور متحارب دھڑوں پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنے معاملات پر امن طریقے سے حل کریں۔ وزیراعظم نے بحران کے پر امن حل اور امت مسلمہ میں اتحاد کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس معاملے میں تمام فیصلے عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھ کر کئے جائیں گے۔

وزیراعظم قومی اہمیت کے اس اہم معاملے پر پیر 6 اپریل کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کے لئے ایڈوایس کر رہے ہیں۔ اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اسحق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، بحریہ کے قائمقام سربراہ وائس ایڈمرل حشام بن صدیق، خارجہ سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔