شکارپور میں اینٹوں سے بنا سائن بورڈ گرنے سے 5افراد جاں بحق،10 سے زائدزخمی

زخمی گڑھی یاسین ہسپتال منتقل ،لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے

جمعرات 2 اپریل 2015 22:02

شکارپور میں اینٹوں سے بنا سائن بورڈ گرنے سے 5افراد جاں بحق،10 سے زائدزخمی

شکارپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) شکارپورکی گڑہی یاسین میں شدید طوفان اور شدید بارش کے نتیجے میں اینٹوں سے بنا ہوا سائن بورڈ گرنے سے شادی میں جانے والے5افراد دب کر جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 2بچے بھی شامل ہیں جبکہ10 سے زائد زخمی ہو گئے، زخمیوں و لاشوں کو گڑھی یاسین ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق شکارپور ضلع میں اچانک تیز آندھی و طوفان اور ایک پاؤ وزنی گڑھے کے ساتھ بارش ہوئی جس سے شکارپور، خانپور، لکھی غلام شاہ، گڑھی یاسین میں متعدد گھر ، جبوتری گر گئے اور نظام درہم برہم ہو گیا جبکہ گڑھی یاسین شہر میں تیز بارش اور طوفان کے دوران ڈھکن ناکہ پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کیلئے اینٹوں کی بنائی گئی سائن بورڈ گرنے سے شادی میں جانے والے گاؤں ریگی گڑھی یاسین کے رہائشی 5 افراد نیچے دب کر جاں بحق ہو گئے جن میں چھ سالہ حنا بی بی، طالب علم حماد اللہ ابڑو، سید بابر شاہ، سی اسلام شاہ، ذیشان شامل ہیں، جنہیں مقامی افراد نے فوری طور پر ملبے سے نکال کر لاشیں گڑھی یاسین ہسپتال پہنچا دیں جہاں پر لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔

(جاری ہے)

لاشیں گھر پہنچتے ہی شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو گئی ہیں جبکہ دیگر نواحی علاقے میں جبوترے، گھر کے کچے مکانات گرنے سے دس سے زیادہ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ادھر شہروں میں بارشوں کی وجہ سے تین سے زیادہ فٹ بارش کا پانی کھڑا ہو گیا ہے، زندگی کے معمولات درھم برہم ہو چکے، دوسری جانب ڈپٹی کمشنر شکارپور ہادی بخش زرداری نے تیز آندھی طوفانی بارش کے دوران شہر میں ایمر جنسی نافذ کر دی، ہسپتال میں عملہ کو حاضر رہنے کی ہدایت کر دی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ بارش کے بعد فوری اقدام اٹھائے ہیں، معمولات زندگی جلد بحال کروائیں گے۔ انہوں نے نساسک کو غفلت سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی اور شہریوں سے بھرپور تعاون کی بھی ہدایت کی۔(اح)

متعلقہ عنوان :