Live Updates

ایم کیو ایم سمیت سٹیٹس کو پارٹیاں اپنے سیاسی انجام کی طرف بڑھ رہی ہیں،زرتاج گل

آزاد کشمیر کے بعد اب کراچی کا ضمنی الیکشن بھی جیتیں گے،شہر میں واٹرسپلائی ،گیس ،بجلی بند ،تحریک انصاف احتجاج کریگی،پی ٹی آئی رہنماء کی پریس کانفرنس

جمعرات 2 اپریل 2015 21:56

ڈیرہ غازیخان( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) ایم کیو ایم سمیت سٹیٹس کو پارٹیاں اپنے سیاسی انجام کی طرف بڑھ رہی ہیں، پارٹی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں فرسودہ سیاسی نظام کو ختم کرکے رہیں گے ۔آزاد کشمیر کے بعد اب کراچی کا ضمنی الیکشن بھی جیتیں گے ۔جعلی مینڈنٹ والے ممبران اسمبلی حلقہ سے غائب عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے مارے مارے پھررہے ہیں۔

شہر میں واٹرسپلائی ،گیس ،بجلی بند ،تحریک انصاف احتجاج کریگی ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کی این اے 172سے ٹکٹ ہولڈر زرتاج گل نے پی پی 244ٹکٹ ہولڈر وضلعی جنرل سیکرٹری اخوند ہمایوں رضا کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محترمہ زرتاج گل اخوند نے کہا کراچی کے عوام خوف سے نکلیں کراچی کو پرامن شہر بنانے کیلئے ایم کیو ایم سے نجات حاصل کریں انہوں نے کہا عمران خان کی قیادت میں ہماری جدوجہد فرسودہ سیاسی نظام کو ختم کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ڈیرہ غازیخان شہر مسائلستان بن گیا ہے ۔جعلی مینڈنٹ سے بننے والے ممبران اسمبلی حلقہ سے غائب ہیں جبکہ عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے مارے مارے پھررہے ہیں شہر میں ٹی ایم اے کی نادہندگی سے واپڈا کی طرف سے واٹرسپلائی کنکشن کٹنے سے شہری پینے کے پانی سے چار روز سے محروم ہیں جبکہ گزشتہ دوماہ سے گھریلو صارفین کو گیس کی عدم فراہمی سے مسائل کا سامنا ہے پی ٹی آئی اس صورتحال پر مشاورت کے بعد احتجاج کرے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات