یمن: عدن میں نامعلوم افواج کی آمد

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 2 اپریل 2015 21:47

یمن: عدن میں نامعلوم افواج کی آمد

عدن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2اپریل۔2015ء) خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یمن کے شہر عدن میں سمندر کے راستے سےغیر ملکی افواج داخل ہوئی ہیں۔ سعودی عرب کی سربراہی میں قائم کیے گئے اتحاد کی کوشش ہے کہ اس شہر سے شیعہ باغیوں کو پسپا کر دیا جائے۔ اطلاعات کے مطابق نامعلوم فوجی ایک بڑی کشتی پر سوار ہو کر عدن کے بندرگاہی شہر میں جمعرات کے روز داخل ہوئے۔

ان کا یہ داخلہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب ایران کے اتحادی شیعہ حوثی باغی اس اہم یمنی شہر پر قابض ہو چکے ہیں۔ حوثیوں کا قبضہ اس امر کے باوجود ہوا ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک گزشتہ آٹھ روز سے یمن پر بم باری کر رہے ہیں اور ان کی اس دوران کوشش رہی کہ حوثی عدن پر کنٹرول حاصل نہ کر سکیں۔ یہ جنوبی شہر سعودی عرب کے اتحادی یمنی صدر منصور ہادی کے حامی جنگجوؤں کا آخری گڑھ بھی تھا۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ صدر ہادی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ جمعرات کے روز جو فوجی عدن میں داخل ہوئے ان کی شہریت کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ سعودی عرب کی حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ فوجی عدن کے اطراف سمندر پر کنٹرول حاصل کیے ہوئے ہیں۔ اگر اس بات کی تصدیق ہو جاتی ہے کہ ان افواج کا تعلق سعودی عرب یا اس کے کسی اتحادی ملک سے ہے تو یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ اس تنازعے میں کسی غیر ملکی فوج نے سطح پر کارروائی کی ہو۔ واضح رہے کہ حوثیوں نے چھ ماہ قبل یمنی دارالحکومت صنعاء پر قبضہ کیا تھا۔ اس کارروائی میں انہوں نے سابق صدر علی عبداللہ صالح کے حامیوں کو بھی شامل کیا تھا۔ شیعہ باغیوں نے گزشتہ ماہ عدن کی جانب رخ کرنا شروع کیا تھا۔