حکومت برآمدات کے بہتر فروغ اور معیشت کی جلد بحالی کیلئے آئی ٹی صنعت کی ترقی پر خصوصی توجہ دے‘ مزمل صابری

جمعرات 2 اپریل 2015 21:31

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) پاکستان کمپیوٹر ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے ایسوسی ایشن کے چیئرمین منور اقبال کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آئی ٹی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے جس سے برآمدات کو بہتر فروغ حاصل ہو گا اور معیشت تیزی سے بحالی کی طرف گامزن ہو گی۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کمپیوٹر ایسوسی ایشن کے چیئرمین منور اقبال نے آئی ٹی شعبے کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیکس نظام آئی ٹی شعبے کی ترقی کیلئے مددگار ثابت نہیں ہو رہا لہذا حکومت آئی ٹی شعبے پر عائد بھاری ٹیکسوں پر فوری نظرثانی کرے تا کہ یہ شعبہ صلاحیت کے مطابق ترقی کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر آئی ٹی شعبے کیلئے سازگار ٹیکس نظام تشکیل دے تا کہ تاجر برادری کاروبار کو فروغ دینے میں سہولت محسوس کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیشن اتھارٹی کی وائرلیس نیٹورکنگ پراڈیکٹس اور پی سی ٹیبلٹس کیلئے این او سی کی پالیسی کافی پیچیدہ ہے جس سے اس شعبے کے تمام تاجر مسفید نہیں ہو سکتے۔لہذا انہوں نے پی ٹی اے پر زور دیا کہ وہ این او سی پالیسی کو آسان اور مساویانہ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طلبا کیلئے لیپ ٹا پ سکیم میں بھی آئی ٹی شعبے کے تاجروں کو بالکل نظر انداز کیا گیا ہے جبکہ ایک مخصوص ٹریڈر سے لیپ ٹاپ کی خریداری کرکے اسے فائدہ پہنچایا گیا ہے ۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ٹی شعبے سے وابستہ تاجر برادری کو ایک منصفانہ نظام کے تحت کاروبار کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں جس سے اس صنعت کو بہتر فروغ حاصل ہو گا۔اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا کہ آئی ٹی صنعت نے پاکستان کو دینا میں ایک پہچان دی ہے لہذا حکومت اس صنعت کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دینے کی کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک نے آئی ٹی صنعت کو خصوصی مراعات فراہم کر کے تیز رفتار اقتصادی ترقی حاصل کی ہے لہذا موجودہ حکومت بھی اس شعبے کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان کرے جس سے برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت تیزی سے ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری پر بہتر توجہ دے کر انڈیا نے آئی ٹی پراڈیکٹس کی برآمدات کو تقریبا 70ارب ڈالر سالانہ تک پہنچا دیا ہے جبکہ پاکستان کی آئی ٹی پراڈیکٹس کی برآمدات ابھی تک1ارب ڈالر تک بھی نہیں پہنچ سکیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت آئی ٹی صنعت کی ترقی پر بہتر توجہ دے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی شعبے کی خواتین انٹرپرنیورز کیلئے بھی حکومت خصوصی مراعات کا اعلان کرے تا کہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس شعبے میں آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت آئی ٹی صنعت کیلئے سازگار ماحول پیدا کرے تو یہ صنعت ملک میں روزگار کے بیشمار مواقع پیدا کر سکتی ہے اور اقتصادی ترقی کیلئے انجن کا کردار ادا کر سکتی ہے۔فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین عبدالرؤف عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی صنعت کی ترقی کیلئے وسیع مواقع پائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی دیگر صنعتوں کی ترقی کا دارومدار بھی آئی ٹی صنعت کی ترقی سے وابستہ ہے لہذا حکومت اس شعبے کے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ اس صنعت کی ترقی سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور معیشت بھی تیزی سے بحال ہو گی۔ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر میاں اکرم فرید، آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ، ملک سہیل حسین اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حکومت سے آئی ٹی صنعت کے مسائل جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :