کراچی، انتہا پسندی اور دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑپھینکنے کیلئے بیروز گاری کے عفریت اور روز افزوں مہنگائی کا خاتمہ ضروری ہے ،حبیب جنیدی

جمعرات 2 اپریل 2015 20:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) ”سندھ مزدور یکجہتی کمیٹی“ کے کنوینیر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑپھینکنے کے لئے ضروری ہے کہ بیروز گاری کے عفریت اور روز افزوں مہنگائی کا خاتمہ کیا جائے اور جدید معیاری تعلیم کو عام آدمی کی پہونچ میں لایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک کے چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے بینکنگ انڈسٹری کے رہنماؤں کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس سے حبیب بنک ورکرز فرنٹ آف پاکستان سی بی اے کے مرکزی سکریٹری جنرل ملک ظفر اقبال، صدر حاجی محمد یعقوب، سیّدہ نادرہ پروین ، ناصرالدین محمود ، محمد خان اعوان(لاہور) ، شفقت غفور خلیل (پشاور)، خان محمد خان(اسلام آباد) ، عبدالرزاق یوسف زئی(کوئٹہ) ، سیّد قطب علی شاہ(سکھر) اور رانا علی شیر(ساہیوال) نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع کراچی ریجن کے ریجنل کنوینیرز ذوالفقار احمد خان تنولی ،شاہد سلطان اور جمال نیاز بھی موجود تھے۔

حبیب الدین نے کہا کہ آمرانہ ادوار بلخصوص ڈکٹیٹر ضیاء الحق کے دور حکومت میں سامراجی طاقتوں کی ایماء اور اُن کے مفاد کے تحفظ کے لئے وطن عزیز میں ہیروئن اور کلاشنیکوف کلچر اور انتہاپسندانہ نظریات کی سرکاری سطح پر سرپرستی کی گئی جس کے نتائج پوری قوم گذشتہ 35برسوں سے بھگت رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ آج وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور ریاستی ادارے پوری طاقت کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کررہے ہیں۔

ان اقدامات کے بھر پور اور بہتر نتائج اسی وقت حاصل کئے جاسکتے ہیں کہ جب بیروزگاروں اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے،جدید معیاری تعلیم کو عام آدمی کی پہنچ میں لایا جائے اور پاکستان کے مظلوم عوام کو” گڈ گورننس“ فراہم کرکے اُن کے دُکھوں کا ازالہ کیاجائے۔حبیب الدین جنیدی نے ٹریڈ یونینز اور مزدور رہنما ؤں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے اداروں میں ملازمت پیشہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ بحیثیت مجموعی معاشرہ سے ظلم ،ناانصافی ،جہالت اور افلاس کے خاتمہ کی آئینی اور پرامن جدجہد میں جمہوری قوتوں کا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :