لاہور ہائیکورٹ نے الطاف حسین کے خلاف درخواست خارج کردی

muhammad ali محمد علی جمعرات 2 اپریل 2015 20:47

لاہور ہائیکورٹ نے الطاف حسین کے خلاف درخواست خارج کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 2 اپریل 2015 ء) لاہور ہائیکورٹ نے صولت مرزا کے بیان کی روشنی میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی میڈیا پر نشر ہونے والی تقاریر پر پابندی عائد کرنے اور پارٹی قیادت سے ہٹانے کے لئے دائر درخواست درخواست گزار کی جانب سے واپس لینے کی بناءپر خارج کرتے ہوئے درخواست گزار کو پیمرا سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

مسٹرجسٹس اعجازالاحسن کی جانب سے درخواست پر سماعت کی گئی۔ درخواست گزار کاشف سلمانی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیاکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین برطانوی شہری ہیں جبکہ پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ کے تحت کوئی بھی غیر ملکی پاکستان کی سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں ہو سکتا۔لہذا پیمرا قوانین کے تحت الطاف حسین ٹی وی چینلز پر تقاریر کرنے کا قانونی حق نہیں رکھتے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے عدالت سے درخواست کی کہ صولت مرزا کے بیان کی روشنی میں اور باقی تمام پہلووں کو مدنظر رکھتے ہوئے الطاف حسین کو نہ صرف سیاسی جماعت کی سربراہی سے ہٹانے کے احکامات صادر کئے جائیں جبکہ پیمرا کو الطاف حسین کی میڈیا پر نشر ہونے والی تقاریر سے روکنے کا بھی حکم دیا جائے۔ تاہم اس موقع پر وفاقی حکومت کے وکیل نے موَقف اختیار کیا کہ الطاف حسین کو عہدے سے ہٹانے اور میڈیا پر تقاریر نشر کرنے سے روکنے کے لئے درخواست قابل سماعت نہیں لہذا درخواست خارج کر دی جائے۔ عدالت کو وفاقی حکومت کا موقف دیے جانے کے بعد درخواست گزار نے عدالت سے درخواست واپس لینے کی استدعا کی جو عدالت نے منظور کرتے ہوئے درخواست گزار کو پیمرا سے رجوع کرنے کے ہدایت کی ۔