سپریم کورٹ نے ذوالفقارآباد میں آئل ٹینکر ٹرمینل کا کام 30 دن میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا

جمعرات 2 اپریل 2015 20:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) سپریم کورٹ نے ذوالفقارآباد میں آئل ٹینکر ٹرمینل کا کام 30 دن میں مکمل کرنے کا حکم دے دیاشیریں جناح کالونی سے آئل ٹینکر کی پارکنگ ختم کرنے کی درخواست کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی، سماعت کیدوران سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ذوالفقارآباد میں ٹرمینل کیلئے 50 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے یہاں مسجد اور واش روم بھی تیار حالت میں ہیں جبکہ کیفے ٹیریا اور فلور کارپیٹنگ کیلئے 8 کروڑ 40 لاکھ روپے کے ایم سی کے پاس موجود ہیں ان کو ہدایت کی جائے کہ اس رقم سے وہ باقی کام مکمل کریں، رپورٹ میں کہا گیا کہ جب تک شیریں جناح کالونی میں آئل ٹینکرز کو سہولیات موجود رہیں گی وہ یہاں سے نہیں جائیں گے لہذا آئل کمپنیز کو پابند کیا جائے کہ وہ آئل ٹینکر کو سپلائی معطل کریں جبکہ ذوالفقارآباد میں 70 کروڑ روپے کی لاگت کیے جانے والے کام کی شفافیت اور معیار کیلئے بھی تحقیقات کرائی جائیں سماعت کے بعد عدالت نے اپنے آرڈر میں ہدایت کی کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کیفے ٹیریا اور فلور کارپیٹنگ کا کام 30 دن میں مکمل کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کروائیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا کہ آئل کمپنیز 30 دن کے بعد شیریں جناح کالونی میں آئل ٹینکرز کو تیل کی سپلائی بند کر دیں ورنہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی جبکہ عدالت نے ایس ایس پی ٹریفک کو بھی ہدایت کی کہ وہ شیریں جناح کالونی میں ٹینکرز کی پارکنگ کے حوالے سے کیے گئے احکامات پر عملدرآمد کروائیں 30 دن کے بعد اگر کوئی ٹینکر کی پارکنگ ہوئی تو ایس ایس پی ٹریفک سے بازپرس کی جائے گی جبکہ عدالت نے ہدایت کی کہ جن فریقین کے رقوم رہ گئی ہیں گئے ہیں وہ اس کی ادائیگی یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :