حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے کوشاں ہے ،ترقیاتی کاموں کے معیارپر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا، تمام محکموں کو ترقیاتی منصوبوں کو 30جون تک پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے

وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب کا”ملینئم ترقیاتی اہداف“ کی سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب اور میڈیاسے گفتگو

جمعرات 2 اپریل 2015 20:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ااپریل۔2015ء)وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور اور چیئرمین ”ملینئم ترقیاتی اہداف“ شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ حکومت اس سلسلے میں بڑی واضح سوچ رکھتی ہے کہ ملک کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی ایک بہتر پاکستان کے لئے بہت ضروری ہے ۔ وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں یہ کمیٹی کام کررہی ہے جس کے اہداف میں موٹرویز، ترقیاتی سکیمیں ، بنیادی ضرورتوں فراہمی کے علاوہ پاکستان کے ہر علاقے میں پینے کا صاف پانی ، بجلی ، گیس ، صحت اورتعلیم پر خصوصی طور پر کام ہورہا ہے ۔

وہ جمعرات کو یہاں ”ملینئم ترقیاتی اہداف“ کی سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں اور ممبران قومی اسمبلی ان محکموں کے ساتھ مل کر یہ ترقیاتی کام پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور وقتاً فوقتاً ان ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جاتا رہیگا اور کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ ان کے معیار کو بھی پرکھا جائے گااور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام حاضرین پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں مزید کام میں بہتری لائیں اور ان سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی ۔شیخ آفتاب احمد جو اس کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں نے مزید بتایا کہ تمام محکموں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ ان ترقیاتی منصوبوں کو 30جون تک پایہ تکمیل تک پہنچائیں اور ضرورت کے مطابق اور فنڈز جاری کردیئے جائیں گے ۔

عوامی جمہوری حکومت اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ پورے پاکستان میں جہاں پر بڑے بڑے منصوبوں پر کام آغاز کردیا گیا ہے وہیں ہر ضلع اور تحصیل لیول پر پسماندہ علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونے چاہیں اور جمہوریت کے ثمرات تمام پاکستانیوں تک پہنچنے چاہیں ۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے ۔وزیر مملکت نے بتایا کہ حکومت نے غیر ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی یافتہ بنانے کا عزم کیا ہوا ہے ۔

وزیراعظم نواز شریف اس سلسلہ میں بہت سنجیدہ ہیں اور یہ تمام کام ان کی ہدایت پر تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں ۔ یہ تمام پروگرام علاقے کے لوگوں کی مشاورت سے ان کے علاقوں میں کونے کونے تک پہنچایا جائے گا ۔ اس سلسلے میں اگلا اجلاس وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے آئندہ ہفتے طلب کرلیا تاکہ اس پروگرام میں مزید بہتری اور تیزی لائی جاسکے ۔