اہل قلم پر امن معاشرے کی تشکیل کے لئے اپنا کردار ادا کریں پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو

جمعرات 2 اپریل 2015 19:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء)موجودہ کٹھن حالات میں اہل قلم پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ ایک پر امن معاشرے کی تشکیل کیلئے اپنا کردار نبھائیں اور قلم کے ذریعے وطن عزیزکے ہر شہر اور قریہ میں امن ، رواداری ، برداشت اور انسان دوستی کا پیغام پھیلائیں ان خیالات کا اظہار اکادمی ادبیات پاکستان کے نئے چےئر مین اور ممتاز علمی و ادبی شخصیت پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو نے خانہ فرہنگ ایران میں اکادمی ادبیات پاکستان پشاور کے زیراہتمام استقبالیہ تقریب سے خطاب میں کیا جس میں صوبے بھر سے اہل قلم نے کثیر تعداد میں شرکت کی قاسم بگھیو نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اہل قلم کی فلاح و بہبود کے نئے منصوبے باہمی مشاورت سے آگے بڑھائے جائیں تاکہ پاکستان کی تمام زبانوں کے شعراء و ادباء کو یکساں فوائد حاصل ہوں اور کسی زبان کے شاعر اور ادیب کی حق تلفی نہ ہونے پائے انہوں نے کہا کہ رواں سال حیات آباد میں اکادمی ادبیات کے نئے دفتر کمپلیکس کی تعمیر پر کام کا آغاز ہو جائیگا جس میں عملے کے دفاتر کے علاوہ ادبی تقریبات کیلئے ہال، لائبریری، گیسٹ ہاؤس اور دیگر جدید سہولیات دستیاب ہونگی اکادمی ادبیات پاکستان پشاور کے ریذیڈنٹ ڈا ئریکٹر سیدولی خیال مومند نے کہا کہ اگرچہ خیبر پختونخوا کے اہل قلم اپنی نگارشات میں معاشرتی مسائل کو مثبت انداز میں اجاگرکر رہے ہیں تاہم مزید بہتری کیلئے اس سلسلے کو مربوط انداز میں آگے بڑھانا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے تقریب میں اردو ، پشتو ، ہندکو اور کھوار زبانوں کے اہل قلم نے چےئرمین اکادمی کو پشاور آمد پر خوش آمدید کہا اور ادب کے فروغ کیلئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا نیز بعض مفید مشورے بھی دےئے اس موقع پر جن اہل قلم نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور امن کے حوالے سے منعقدہ مشاعرے میں اپنا کلام سنایا ان میں ناصر علی سید، سلیم راز، خانہ فرہنگ ایران پشاور کے ڈائریکٹر علی یوسفی، ڈاکٹر یار محمد مغموم، پروفیسر نذیر تبسم، عزیز اعجاز، شاہد زمان شاہد،پروفیسر سلمی شاہین ، بشری فرخ،حسام حر، خان محمد تنہا، ثمینہ قادر،کلثوم ناز ،طارق محمود دانش ،شمس بنیرے ایڈوکیٹ ، مہربان الہی حنفی ، شاعر پشور ساجد سرحدی اور نورلامین یوسفزئے شامل ہیں چیرمین اکادمی ادبیات نے پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان،ڈاکٹر حسنات ڈین فیکلٹی اف اورینٹل لینگویجیز، سلمان علی چیرمین اردو ڈیپارٹمنٹ، نصراللہ جان وزیر ڈائریکٹر پشتو اکیڈمی اور معروف ادیب اور چیف انجنئرٹیسکو ذکاء اللہ خان سے ملاقات اورادبی امور پر باہمی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔