نئی غلہ منڈی کا قیام عمل میں لا کر عوام سے کیا گیاوعدہ پوراکردیا،میاں افضل حسین تارڑ

خدمت کا سفر دیرینہ عوامی مسائل کے حل تک جاری رہے گا،شرقی اور غربی غلہ منڈیوں کی منتقلی سے شہر کے اندر ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی ،سابق وفاقی وزیر

جمعرات 2 اپریل 2015 18:23

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں افضل حسین تارڑ نے کہا ہے کہ نئی غلہ منڈی کا قیام عمل میں لا کر حافظ آباد کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا گیا ہے اور خدمت کا یہ سفر دیرینہ عوامی مسائل کے حل تک انشاء اللہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ شرقی اور غربی غلہ منڈیوں کی منتقلی سے شہر کے اندر ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی جبکہ نئی منڈی کی کھلی جگہ پر منتقلی سے کاروبار میں آسانی اور اضافہ ہوگا۔

انہوں نے نئی منڈی میں منتقلی پر انجمن آڑھتیاں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دیرینہ عوامی مسئلہ کے حل میں تعاون کرنے اور تکلیف برداشت کرنے پر وہ دلی ممنون ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نئی غلہ منڈی کے باضابطہ افتتاح کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ایم این اے میاں شاہد حسین بھٹی، ایم پی اے اسد اللہ ارائیں ،ڈی سی او محمد عثمان ،ملک پھول خان اعوان،اے ڈی سی نعمان حفیظ ،اے سی عمر فاروق وڑائچ ،ڈی ڈی او (ایچ آر ایم) اللہ دتہ وڑائچ ،ای اے ڈی اے سید نوید عابد اور دیگر افسران ،شہر کے معززین منڈی سے وابستہ آڑھتیوں اور عوام نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او محمد عثمان نے کہا کہ اس نئے سفر کے آغاز پر آڑھتیوں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا اور وہ بجا طور پر توقع رکھتے ہیں کہ کاروبار دیانت کو پیش نظر رکھتے ہوئے آڑھتی حضرات بھی اجناس کی خرید و فروخت کی نئی روایت قائم کریں گے۔انجمن آڑھتیاں کے جنرل سیکرٹری عبدالحمید رحمانی نے نئی منڈی کے حوالہ سے درپیش مسائل پیش کرتے ہوئے انکے فوری حل اور الاٹمنٹ کوٹہ کا کچھ حصہ نیلامی میں مختص کرنے کے حوالہ سے آڑھتیوں کے تحفظات پر روشنی ڈالتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کاروباری حضرات کے جائزہ مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے۔

قبل ازیں ای اے ڈی اے سید عابد نوید نے نئی غلہ منڈی کے منصوبے کی تفصیلات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس عوامی منصوبے سے شہری مسائل میں کمی اور کاروبار کے نئی مواقع حاصل ہونگے۔