کراچی، جماعت اسلامی کے تحت(آج)سے ملک گیر رابطہ عوام مہم شروع کی جائیگی

جمعرات 2 اپریل 2015 18:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء جماعت اسلامی کی جانب سے کل آج(جمعہ) سے اسلامی پاکستان ۔۔خوشحال پاکستان کے سلوگن پر ملک گیر رابطہ عوام مہم شروع کی جارہی ہے،جس کے ذریعے کارکن گھر گھر جاکر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے تکمیل پاکستان ایجنڈہ سے آگاہ کرکے ایک کروڑ افراد کوممبر اور جماعت اسلامی کا ووٹر بنائیں گے۔جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہد چنا کے مطابق پورے ملک کی طرح باب الاسلام سندھ میں بھی تیاریوں کو آخری شکل دے دی گئی ہے۔

رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں کراچی سے کشمور تک جماعت اسلامی کے قائدین وکارکنان گھر گھر جاکر عوام تک جماعت اسلا می کی دعوت اور منشور سے آگاہ کریں گے۔اس سلسلے میں اردو، سندھی زبانوں میں بڑے پیمانے پر خوبصور کلرفل پوسٹر،ہیڈبل اور ممبرشپ فارم سمیت دیگر مواد پرنٹ کراکے پورے سندھ میں پہنچایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

3تا15اپریل تک جاری رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماعات،جلسے اور مختلف وفود نکالے جائیں گے۔

جن سے مرکزی امیر سراج الحق،نائب امیر اسداللہ بھٹو،جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ،سندھ کے امیرڈاکٹر معراج الہدیٰ سمیت دیگر قائدین بھی خطاب کریں گے۔رابطہ عوام مہم کی بھرپور کامیابی کیلئے مہم کے نگران وصوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد عظیم بلوچ کی نگرانی میں سندھ کے دفتر قباء آڈیٹوریم میں مانیٹرنگ سیل جبکہ مختلف کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں ۔

اس سلسلے میں جماعت اسلامی کی برادرتنظیموں اوریوتھ کو بھی متحرک کرکے انہیں اس سلسلے میں خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے۔ دریں اثناء جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ظلم وجبر کے دور کے خاتمے اور حق کے غلبے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔آج سے شروع ہونے والی ملک گیررابطہ عوام مہم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

متعلقہ عنوان :