صوابی ،مسلح رہزنوں نے ٹرک ڈرائیور کو لوٹنے کے بعد مزاحمت پر گولی مار کر قتل کر دیا

جمعرات 2 اپریل 2015 17:59

صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) اسلام آباد، پشاور موٹر وے کے سروس روڈ پر بمقام جلسئی میرہ چار مسلح رہزنوں نے ٹرک ڈرائیور کو لوٹنے کے بعد مزاحمت پر گولی مار کر قتل کر دیا ڈاکو تین عدد موبائل سیٹ اور چار ہزار روپے نقدی چھین کررات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ ایک ڈاکو سے ایک عدد تیس بور پستول بمعہ چار عدد کارتوس جاتے ہوئے رہ گیا ۔

(جاری ہے)

سہیل ولد باچہ حسین سکنہ تالاش تیمرہ گرہ ضلع دیر نے تھانہ لاہور میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے والد باچہ حسین اور خالہ زاد آصف کے ہمراہ گذشتہ شب درنگ سے ریت ڈال کر اپنے ٹرک نمبرSWC8626میں جارہے تھے جب وہ جلسئی میرہ سروس روڈ پر پہنچے تو چار نامعلوم مسلح رہزنوں نے ٹرک روک لیا اورہم سے مبلغ چار ہزار روپے نقدی اور تین عدد موبائل سیٹ چھین لئے اس دوران ہاتھا پائی پر ایک رہزن نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کا والد ٹرک ڈرائیور باچہ حسین گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا ایک ملزم سے تیس بور پستول اور چار عدد کارتوس رہ کر فرار ہو گئے۔ چھوٹا لاہور پولیس نے مبینہ رہزنوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :