اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پیپلزپارٹی اپنا بھرپور کردارادا کرے گی،آئندہ حکومت پیپلزپارٹی کی بنے گی، اقلیتی برادری کے نمائندوں کو وفاقی پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائیگی جس سے ان کو اپنے اپنے علاقوں میں پسماندگی اور محرومیوں کا خاتمہ کرنے میں مدد ملے گی

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ کی اقلیتی وفد سے گفتگو

جمعرات 2 اپریل 2015 16:27

صادق آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پیپلزپارٹی اپنا بھرپور کردارادا کرے گی،آئندہ حکومت پیپلزپارٹی کی بنے گی، اقلیتی برادری کے نمائندوں کو وفاقی پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائیگی جس سے ان کو اپنے اپنے علاقوں میں پسماندگی اور محرومیوں کا خاتمہ کرنے میں مدد ملے گی ،مقامی سطح پر ترقیاتی و سماجی کام کرنے میں آسانی میسر آئے گی، ہندو میرج ایکٹ بل بارے اسمبلی میں آواز اٹھائی جائیگی۔

وہ صادق آباد کے اقلیتی وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔ وفد میں پیپلزپارٹی اقلیتی ونگ جنوبی پنجاب کے رہنما پنوں رام‘ بیربل داس نانک‘ مٹھومل ‘ بابو ہرداس ودیگر شامل تھے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں اقلیتوں کے تحفظ دور کئے بغیر کسی ہندو میرج ایکٹ بل کو تسلیم یا منظور نہیں کرنے دیاجائیگا۔ اس سلسلہ میں پیپلزپارٹی وفاقی وزیر اقلیتی امور سے بھی رابطہ کرے گی ۔

پنوں رام نے سید خورشید شاہ کو بتایا کہ جنوبی پنجاب سے قومی و صوبائی اسمبلی میں اقلیتوں کو نمائندگی نہیں دی گئی ہے۔ اقلیتوں کو ہندو میرج ایکٹ بل کسی صورت منظور نہیں ہے۔ اقلیتوں کو محرومیوں اور پسماندگی میں دھکیل دیاگیا ہے وہ بھی پاکستانی شہری ہیں انہیں سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے جس پر سید خورشید شاہ نے انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے ۔