پروفیشنل ٹیکس سمیت ایسے ٹیکسوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جن میں سالہاسال سے اضافہ نہیں کیا گیا‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

جمعرات 2 اپریل 2015 16:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء)وزیر ایکسائز وٹیکسیشن ، خزانہ ،قانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت پروفیشنل ٹیکس سمیت ایسے ٹیکسوں میں اضافہ کر رہی ہے جن میں سالہاسال سے اضافہ نہیں کیا گیا اور ٹیکس ادا کرنے کے قابل صاحب حیثیت اور متمول طبقات سے ہی ٹیکس وصول کیا جاتا ہے، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے لئے فنڈز حاصل کرنے کے لئے نئے ٹیکسز لگائے اور موجودہ ٹیکسوں میں اضافہ کیا جاتا ہے ،ٹیکسوں میں اضافہ کرتے اور نئے ٹیکس لگاتے وقت عام آدمی کی مشکلات کو مد نظر رکھا جاتا ہے اور کوشش ہوتی ہے کہ کم آمدنی والے شہریوں پر ٹیکسوں میں اضافے کا بوجھ نہ پڑے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پروفیشنل ٹیکس کی شرح میں اضافہ اور نئے پروفیشنلز کو ٹیکس میں مد میں لانے کے لئے منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز و ٹیکسیشن علی طاہر ،ڈی جی احمد عزیز تارڑاور ڈائریکٹرز و دیگر سرکاری حکام نے شرکت کی ۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ پروفیشنلزٹیکسز کی شرح میں کئی سالوں سے اضافہ نہیں کیا گیا اور کئی پروفیشنلز ٹیکس ادائیگی کے قابل ہو چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صرف اشرافیہ اور صاحب استعداد افراد پر ہی ٹیکس لگایا ہے جس طرح بڑے گھروں پر ٹیکس اور بھاری مالیت کی بڑی گاڑیوں پر ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے اور14سال بعد پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ بھی بڑے گھروں اور صاحب استعداد لوگوں پر ہی کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پراپرٹی ،ٹوکن اور پروفیشنل ٹیکسز سمیت دیگر محکمانہ ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور آئندہ شہری اپنے ٹیکسز موبائل کمپنیوں کے دفاتر اور آن لائن بھی ٹیکسز ادا کر سکیں گے۔