وزیراعظم نے جی بی انتخابات میں دھاندلی کیلئے برجیس طاہر کو گورنر گلگت بلتستان مقرر کیا

تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن سے گلگت بلتستان انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ

جمعرات 2 اپریل 2015 14:22

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے جی بی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کرانے کے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر کو گورنر گلگت بلتستان مقرر کیا ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ (ن) لیگ گورنر ہاؤس اور بی آئی ایس پی پروگرام کے اربوں روپے کے فنڈز کو گلگت بلتستان میں اپنی پارٹی کی کامیابی کیلئے استعمال کررہی ہے جو کھلم کھلا دھاندلی ہے ، (ن) لیگ جی بی میں سنگین پری پول دھاندلی کی مرتکب ہورہی ہے ، الیکشن کمیشن بی آئی ایس پی پروگرام کے فنڈز اور گورنر ہاؤس کا پارٹی مفادات کیلئے استعمال رکوانے کیلئے اقدامات کرے اور انتخابات فوج کی نگرانی میں منعقد کرائے جائیں تاکہ عوام کو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے اپنے نمائندوں کے چناؤ کا موقع مل سکے ۔