کراچی، شہر قائد میں دہشت گردی، فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ، 6افراد جاں بحق

جمعرات 2 اپریل 2015 13:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) شہر قائد میں دہشت گردی، فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ، مختلف واقعات میں6افراد جاں بحق جبکہ دودہشت گردوں سمیت 3ملزمان مارے گئے ،لیاری ایکسپریس وے سے چار لاشیں برآمد ہونے سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا ،چاروں افراد کو گولیاں مار کرقتل کیا گیا ، پولیس نے مختلف کارروائیوں میں کالعدم تنظیم کے پانچ کارندوں سمیت 16 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا۔

جمعرات کو پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب لیاری ایکسپریس وے کے دو مختلف مقامات سے 4 افراد کی لاشیں ملیں۔پولیس کے مطابق چاروں افراد کو گولی مار کر قتل کیا گیا، جن کی لاشیں عباسی شہیدہسپتال منتقل کردی گئیں۔چاروں افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی جبکہ پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

(جاری ہے)

لاشیں ملنے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

دوسری جانب کورنگی کے مختلف علاقوں سے بھی 2 افراد کی لاشیں ملیں۔ادھر ماڑی پور روڈ پر پولیس مقابلے میں بھی ایک مشتبہ ڈاکو ہلاک ہوگیا، جس کے قبضے سے ایک پستول اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔پولیس کے مطابق ملزم نے دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر ایک شہری کو زخمی کردیا تھا۔علاوہ ازیں پیرآباد پولیس نے دہشت گردوں کی جانب سے پولیس موبائل پر حملے کے بعد مقابلے میں 2 مبینہ دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی شناخت تکریم الحق اور عمران کے ناموں سے ہوئی۔پولیس کے مطابق مبینہ دہشت گرد عمران فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔جبکہ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں کالعدم تنظییم کے پانچ کارندوں سمیت 16 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد کرلیے۔دوسری جانب نبی بخش پولیس نے ایک سیاسی کارکن کی گرفتاری کا بھی دعویٰ کیا ہے جو ٹارگٹ کلنگ کے مختلف واقعات میں ملوث تھا۔

متعلقہ عنوان :