یکم مئی تک سرکلر روڈ پرانا بس اڈہ کو تعمیر اور لوکل بسوں کا شہر میں داخلہ بند نہ کیا جائے،متحدہ لوکل بس ایسوسی ایشن

بدھ 1 اپریل 2015 20:46

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء)متحدہ لوکل بس ایسوسی ایشن کوئٹہ کے رہنماوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یکم مئی تک سرکلر روڈ پرانا بس اڈہ کو تعمیر اور لوکل بسوں کا شہر میں داخلہ بند نہ کیا جائے بصورت دیگر عوام کے ساتھ ملکر احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ یہ بات متحدہ لوکل بس ایسوسی ایشن کے رہنماوں اختر جان کاکڑ، شیراحمد بلوچ، بابو شفیع ، محمد انور ، حاجی اسحاق،نذیراحمد لہڑی اور دیگر نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی متعد د اہم سڑکوں کو وی وی آئی پی اور ریڈ زون کے نام پر عوام کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے شہر میں ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے سرکلر روڈ بس اڈہ 2006ء میں ہم سے حکمرانوں کی نگرانی میں لیکر چھ ماہ بعد بناکر دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن دس سال گزرنے کے باوجود وہاں کھڈے نظر آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب میٹروپولیٹن کارپوریشن سرکلر روڈ بس اڈے کو معاہدے کے مطابق تعمیر کرنے کی بجائے لوکل بسوں کو کوئلہ پھاٹک اور ریلوے اسٹیشن تک محدود کرنے کی کوشش کر رہا ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یکم مئی تک سرکلر روڈ پرانا بس اڈہ کو تعمیر اور لوکل بسوں کا شہر میں داخلہ بند نہ کیا جائے بصورت دیگر عوام کے ساتھ ملکر احتجاجی تحریک شروع کریں گے اور بسوں کو لے جاکر وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے کھڑی کردیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت اور میٹروپولیٹن کارپوریشن پر عائد ہوگی۔