اسلامی یونیورسٹی، صدر جامعہ کا کلیات کا دورہ ، فیکلٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار

بدھ 1 اپریل 2015 18:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے بدھ کے روز جامعہ کی کلیات کا دورہ کیا اور وہاں یونیورسٹی کے نائب صدر ڈاکٹر محمد بشیر خان اور دیگر فیکلٹی ممبران سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر صدر جامعہ کے ہمراہ ڈائریکٹر انتظامی امور خالد محمود راجہ ، ڈاکٹر طاہر خلیلی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر الدریویش نے ڈاکٹر محمد بشیر خان کے ساتھ ملاقات کے دوران بتایا کہ حالیہ دورہ سعودی عرب کے موقع پر ریاض میں ان کی ملاقات صالح الراجحی ٹرسٹ کے ڈائریکٹر جنرل سے ہوئی جنہوں نے جامعہ میں عربی زبان کی درس و تدریس کے لیے ایک عالمی مرکز کی تشکیل کے سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ فیکلٹی ممبران سے ملاقات کے دوران صدر جامعہ نے ہدایت کی کہ مڈٹرم امتحانات کے سلسلے میں بہترین انتظامات کیے جائیں جبکہ انہوں نے اس موقع پر فیکلٹی ممبران کی کارکردگی پر ان کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اسلامی یونیورسٹی محنت کرنے والے اساتذہ و افسران کی کوششوں کے نتیجے میں جلد دنیا کی اولین جامعات میں اپنا نمایاں مقام حاصل کر لے گی۔