گورنر ہاؤس یوتھ پارلیمنٹ کی تقریب حلف برداری،گورنر سندھ نے 120ممبران سے حلف لیا

یوتھ پارلیمنٹ رضوان جعفر کی سربراہی میں معاشرے میں مثبت اور انقلابی تبدیلیوں کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہے،ڈاکٹرعشرت العباد خان

بدھ 1 اپریل 2015 18:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) گورنر ہاؤس سندھ میں بدھ کی شام میں یوتھ پارلیمنٹ کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی ، سرپرست اعلیٰ گورنر ڈاکٹر عشرت العبادخان نے یوتھ پارلیمنٹ کے منتخب 120 ممبران سے ان کے عہدے کا حلف لیا ۔ اس موقع پر سینئر وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو ، سی پی ایل سی چیف احمد چنائے ، پرنسپل سیکریٹری محمد حسین سید ،فرحان حنیف ، حسین مرزا سمیت دیگر افراد نے شرکت کی ۔

تقریب کا آغاز فواد ولید نے تلاوت قرآن پاک سے کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے تمام منتخب اراکین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہم بہت خوش نصیب ہیں کہ قدرت کے ان گنت وسائل کے ساتھ ساتھ ہم با صلاحیت اور عظیم جو ش و ولولہ کے حامل نوجوانوں سے مالا مال ہیں ہمارے معاشرے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے نوجوان موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے کہ یوتھ پارلیمنٹ رضوان جعفر کی سربراہی میں معاشرے میں مثبت اور انقلابی تبدیلیوں کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہے میں اس ملک کے نوجوان خصوصاً سندھ کے نوجوانوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اپنی تعلیمی مصروفیات کے ساتھ ساتھ معاشرے میں موجود اس طبقے کی تربیت و رہنمائی کے لئے بھی کام کریں جو کسی وجہ سے کم تعلیم یافتہ اور آپکی رہنمائی و تربیت کے منتظر ہیں ۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا کہ یوتھ پارلیمنٹ کی گذشتہ ایک برس کی کارکردگی متاثر کن ہے یہ سب آپ نوجوانوں کی عملی اور قائدانہ صلاحیتوں کا نتیجہ ہے نوجوانوں کی اتنی بڑی افرادی قوت کے ہوتے ہوئے پاکستان کو ترقی کی منازل طے کرنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ہے اور ہمارے ملک کے نوجوان عملی طور پر پوری دنیا میں اس بات کا مظاہر ہ کر بھی رہے ہیں ۔

میرا نوجوانوں کے لئے پیغام ہے کہ ہمیشہ سچ بولیں سیدھے راستے پر چلیں ہر میدان میں آپ کامیاب ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بے پناہ مسائل ہیں ان مسائل کے حل کے لئے توانائی ،وژن اور برداشت چاہئے اور اس کے لئے پورے معاشرے کو پر امن بنانا ہوگا ہم نے پاکستان سے دہشت گردی اور اس کی سوچ کو ختم کرنا ہے اس کے بعد کی امید نوجوان ہیں وطن عزیز کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہے خا ص طور پر 63 فیصد نو جوان ہیں بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو یوتھ کی شکل میں ایک نعمت دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چند برس قبل ملک کی طرح کراچی میں بھی توانائی کا بحران شدت اختیار کر گیا تھا ایک تو توانائی کا بحران پھر گیس کی کمی، ساتھ ہی پیداوار بھی کم تھی تمام صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم سب سر جوڑ کر بیٹھ گئے اور اس کا حل نکالا اس ضمن میں ،میں نے کراچی الیکٹرک کے منیجنگ ڈائریکٹر کو طلب کیا اور انھیں ایک فارمولہ دیا کہ کس طرح اس بحران سے نمٹا جاسکتا ہے ہم نے صنعتی ایریا کو بلا تعطل بجلی فراہم کی پھر رہائشی ایریا تقسیم کئے یہ ایک مشکل فیصلہ تھا الحمداللہ آج 67 فیصد علاقوں میں لو ڈشیڈنگ نہیں ہے آج کراچی پورے پاکستان میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے بہت بہتر ہے جس کا اعتراف پورے ملک میں کیا جارہا ہے اسی طرح ہم نے حادثات پر ریسرچ کی جہاں بھی حادثہ ہوا اس کو ریکارڈ کیا گیا پھر دیکھا گیا 12 علاقے ایسے ہیں جہاں حادثات کثرت سے ہوتے ہیں پھر ہم نے ان علاقوں کو ٹھیک کرنا شروع کیا اور ہم نے 10 علاقے ٹھیک کردیئے آج الحمداللہ حادثات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ، سرپرست یوتھ پارلیمنٹ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے نوجوانون سے کہا کہ آپ عملی زندگی میں مسائل کا حل تلاش کریں اور اس میں بھرپور حصہ لینا چاہتے ہیں تو لیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے یونیورسٹی کو ہدف دیا ہے کہ وہ ہر طالب علم کو کم از کم 5 افراد کو تعلیم دینے کا ہدف دے ہمیں اس عمل کو کالجز تک بڑھانا ہو گا اگر ایک طالب علم صرف ایک کو پڑھا دے تو سالانہ دس لاکھ افراد کو پڑھا یا جاسکتا ہے اس کیلئے ہمیں طلبہ کو اضافی نمبرز دینا ہو نگے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے اس پر ہم کام کررہے ہیں طلبہ تعلیم کے دوران بہت کام کرسکتے ہیں ۔

تقریب میں یوتھ پارلیمنٹ کے بانی و چیئر مین رضوان جعفر نے یوتھ پارلیمنٹ کی ایک برس کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست 2005 ء کو یوتھ پارلیمنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا آج پورے ملک میں یوتھ پارلیمنٹ ممبران کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جس میں سے3ہزار ممبران کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے یوتھ پارلیمنٹ کے تحت نوجوانوں کے لئے سیمینار ، کانفرنسز ، ورکشاپس ، آگاہی و شعور اجا گر کرنے کے لئے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جا تا ہے ۔

بانی و چیئر مین رضوان جعفر نے کہا کہ نوجوانوں میں بے انتہا جذبہ ہے یہ ملک و قوم کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں صوبہ سندھ کی خوش نصیبی ہے کہ آج ڈاکٹر عشرت العباد خان جیسے گورنر کی قیادت اسے حاصل ہے صوبے کے ہر مسئلے کا حل گورنر ہاؤس میں نکالا جارہا ہے انہی خدمات پر صوبے کی عوام گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان سے والہانہ محبت اور عقیدت رکھتے ہیں ۔ تقریب میں یوتھ پارلیمنٹ کے سرگرم ممبران اور سرپرستی کرنے والوں صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو ، سی پی ایل سی چیف احمد چنائے اور پرنسپل سیکریٹری محمد حسین سید سمیت دیگر معروف شخصیات کو گورنر سندھ نے شیلڈ پیش کیں ۔ چیئرمین رضوان جعفر نے یوتھ پارلیمنٹ کی جانب سے گورنر سندھ کو شیلڈ پیش کی ۔