قبائلی علاقہ جات کے غرباء، مہاجرین اور یتامیٰ میں 15 لاکھ روپے مالیت کا امدادی سامان تقسیم

بدھ 1 اپریل 2015 18:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) جماعة الدعوةپاکستان کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے قبائلی علاقہ جات کے غرباء، مہاجرین اور یتامیٰ میں 15 لاکھ روپے مالیت کا امدادی سامان تقسیم کیا گیاہے۔امدادی سامان میں 500 خاندانوں کے لیے ایک ماہ کا خشک راشن(آٹا،گھی ،چینی ،چاول،دالیں و دیگراشیائے خورونوش) ، بسترو ملبوسات و دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔

ایف آئی ایف کی طرف سے دو سو سے زائد یتیم بچوں میں”کفالت الیتیم پروگرام“ کے تحت ہزاروں روپے نقدی بھی تقسیم کی گئی ۔ یہ امدادی سامان چیئرمین فلاح انسانیت فاؤنڈیشن حافظ عبدالرؤف سمیت لاہور اور فیصل آباد سے گئے ہوئے پندرہ رکنی وفد نے تیمر گرہ، چکدرہ ،باجوڑ اور چترال کے علاقوں میں تقسیم کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ عبد الرؤف نے کہا کہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اپنے قبائلی بھائیوں کی خدمت کے لئے ہمیشہ کی طرح اب بھی پیش پیش ہے،قبائلی علاقوں میں ہمارے درجنوں طبی و فلاحی منصوبہ جات کام کر رہے ہیں جن سے بڑی تعداد میں غریب و مستحق لوگ مستفید ہو رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہمارے قبائلی بھائیوں نے وطن عزیز کے لئے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اس وقت ان علاقوں کے لوگ ملک میں امن و سلامتی کے لئے انتہائی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں اور پاکستان کے بقا ء کی جنگ لڑ رہے ہیں ایسے مشکل وقت میں جماعة الدعوة اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اپنے بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی ۔

ہم اپنے بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یہ سامان لیکر آئے ہیں اور یہ سلسلہ ایسے ہی جاری رہے گا ۔بعدازاں چکدرہ اور باجوڑ میں دو سو سے زائد یتیم بچوں میں ہزاروں روپے نقد رقوم بھی تقسیم کی گئیں۔