نرسوں کے ٹائم اسکیل اور دیگر مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ، سیکریٹری صحت سندھ

نرسنگ صحت کے شعبہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ‘ پاکستان نرسنگ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات

بدھ 1 اپریل 2015 17:37

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء ) صوبائی سیکریٹری صحت افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ نرسنگ صحت کے شعبہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس لئے نرسنگ سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان نرسنگ ایسوسی ایشن سندھ کے ڈویژنل عہدیداروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ نرسنگ کے بغیر عوام کو بہتر علاج معالجہ اور دیکھ بھال کی سہولیات کی فراہمی ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نرسوں کا سروس اسٹرکچر اور ٹائم اسکیل ایک اہم مسئلہ ہے جس پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور اس کے جلد از جلد حل کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے نرسنگ سے منسلک ملازمین کا ڈریس اور میس الاؤنس دوسرے صوبوں کے برابر کئے جانے کے مطالبہ سے اتفاق کیا اور کہا کہ اس ضمن میں جلد ہی نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

وفد کی جانب سے ملازمین کی اگلے گریڈ ز میں ترقی کے مطالبہ پر سیکریٹری صحت نے کہا کہ اس مسئلہ کو بھی جلد از جلد حل کیا جائے گا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عالمی یوم نرسنگ کے موقع پر تقاریب کے ذریعہ نرسوں کی خدمات کا اعتراف کیاجائے ۔ انہوں نے نرسنگ کے معاملات سندھ نرسنگ کونسل کے ذریعہ حل کرنے پر بھی اتفاق کیا ۔ ایسوسی ایشن کے رکن بخت علی کے گردوں کی تبدیلی کے معاملہ پر صوبائی سیکریٹری صحت نے کہا کہ بخت علی کا سرکاری خرچ پر علاج کرانے کے لئے ایس آئی یو ٹی سے رابطہ کیاجائے گا ۔اس موقع پر اسپیشل سیکریٹری پبلک ہیلتھ ریاض میمن‘ ایسوسی ایشن کے صدر عطاراجپر ‘ جنرل سیکریٹری مس لیلیٰ خواجہ اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :