تھر میں ہیلتھ فیسٹیول حاکموں کی چالاکیاں اورسماجی پستی کے زندہ دلیل ہے ،حلیم عادل شیخ

یہ فیسٹیول بھوک اور پیاس سے مرتے ہوئے بچوں کی لاشوں پر جشن منانے کے مترادف ہے،صدر مسلم لیگ (ق)سندھ

بدھ 1 اپریل 2015 17:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ تھر کے لوگوں کو کسی سندھ فیسٹیول کی ضرورت نہیں ہے بلکہ صحت کی ضروت ہے ،سندھ حکومت کی جانب سے جوسندھ ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن کے نام سے فیسٹیول منانے کا اعلان کیا ہے وہ لاغر اور بھوک سے بلک کر مرتے ہوئے بچوں کے ساتھ کسی مذاق سے کم نہیں ہے ،سندھ میں روزانہ کے حساب سے معصوم پھول کھلنے سے پہلے ہی مرجھا جاتے ہیں جس کی بنیادی وجہ صحت کی عدم سہولیات کا ہونا ہے جس پر افسوسناک امر یہ ہے کہ ان لوگوں کو صحت کی سہولیات دینے کے بجائے تھر میں سندھ ہیلتھ فیسٹیول کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کردیئے جائینگے مگر عوام کی صحت کے لیے ایک روپیہ لگانا بھی کوئی گوارا نہیں کرتا جو ہماری سماجی پستی کی زندہ دلیل ہے ۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت بھوک اور پیاس سے مرتے ہوئے معصوم بچوں کی لاشوں پر سندھ فیسٹیول منانے کی بجائے پہلے ان کو صحت اور خوراک کی وہ سہولیات تو فراہم کردیں جس کی وجہ سے روزانہ کی اموات کم ہوسکے اور اس کامیابی پر جشن منایا جائے تو زیادہ اچھا ہوگا۔تھر میں متعدآراوپلانٹس بند پڑے ہیں ،تھر کے دور دراز لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں لوگ بھوک اور پیا س سے راستے میں ہی مرجاتے ہیں جس پر یہ کہا جاتا ہے کہ تھرکے دوردراز علاقوں میں پہچنا ممکن نہیں مگر ووٹ لینے کے لیے وہاں جانے میں کسی کو رکاوٹ محسوس نہیں ہوتی ۔

کمزور مائیں اور لاغر بچے تھر کی پہچان بن چکے ہیں ان میں ہیلتھ فیسٹیول منانا بڑے دل گردے کا کام ہے ایسے میں کروڑوں روپے اپنی جھوٹی تشہیر پر خرچ کرنے کی بجائے صحت اور خوراک پر خرچ کی جائے تو روزانہ کی اموات میں نہ صرف کمی ہوگی بلکہ وہاں کی عوام کا غم وغصہ بھی کم ہوسکے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ سندھ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گندے پانی کے استعمال اور غذائی قلت کی وجہ سے تھر کے مختلف علاقوں میں مہلک امراض نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ،سندھ حکومت کا فرض ہے کہ وہ تھر میں موجودہ ہیلتھ کے مراکز میں ایسی سہولیا ت پیدا کرے جو غریب اور مستحق لوگوں کے لیے مفت علاج کا سبب بن سکے اور ان کی غذائی ضروریات کو یہ سمجھ کر پورا کیا جائے کہ وہ حاکم ہیں اورعوام کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنا ان کا فرض ہے ،ہیلتھ فیسٹیول اس دن اچھا لگے گا جب کوئی بھی معصوم بچہ بھوک اور پیاس نہیں مرے گا کوئی بھی ماں کا لعل ادویات اور ڈاکٹرز کی غفلت سے نہیں مرے گا اس سے قبل ایسی حرکتیں عوام کو بے وقوف بنانے کے متراد ف ہے ۔

متعلقہ عنوان :