عمران اسماعیل اورپی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے جناح گراؤنڈ میں حق پرست شہداء کی یادگار کی بے حرمتی قابل مذمت ہے ،نوید قائم خانی

بدھ 1 اپریل 2015 17:06

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے تحریک انصاف کے امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے246عمران اسماعیل اور دیگر کارکنان کی جانب سے جناح گراؤنڈ کراچی سے ملحقہ حق پرست شہداء کی یادگار کی بے حرمتی کرنے، قائد تحریک الطاف حسین کی تصاویر کو نقصان پہنچانے اورعوام پر تشدد کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

اور انکے اس عمل کو کراچی کا امن خراب کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا ہے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ پورے پاکستان کی عوام اس حقیقت سے بخوبی واقف ہے کہ حلقہ این اے 246ایم کیوایم کے مضبوط گڑھ میں شمار ہوتا ہے ۔ اور اس حلقے میں ہونے والے تمام تر انتخابات میں ایم کیوایم سے تعلق رکھنے والے امیدوار بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوتے رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی عمل کے آغاز سے قبل ہی اپنی کامیابی کا حتمی دعویٰ کرنا اور قائد تحریک الطاف حسین کے خلاف غیر اخلاقی الفاظ استعمال کرنا اس جانب اشارہ کرتا ہے کہ تحریک انصاف نے این اے 246کی نشست کو کسی بھی صورت جیتنے کا تہیہ کر لیا ہے۔ اور اپنے اس مقصد کے حصول کے لئے وہ کسی بھی حد تک جانے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جناح گراؤنڈ میں قائم شہدائے حق کی یادگار نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان بشمول ٹنڈوالہ یار کے حق پرست شہداء کی قربانیوں کا اعتراف ہے۔ اس یادگار پر کی جانے والی کسی بھی قسم کی شر انگیزی پورے پاکستان کی عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما قومی اسمبلی کی سیٹیں جیتنے کے بجائے عوام کے دلوں کو مسخر کرنے کی کوششیں کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ عوام انکا استقبال انڈوں اور ٹماٹروں کے بجائے پھولوں کے ہار سے کریں۔

لیکن جس قسم کا طرز عمل تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے اپنایا جارہا ہے اس سے اندیشہ ہے کہ عوام کو اپنے جذبات پر قابو رکھنے میں شدید مشکلات پیش آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین کراچی کی عوام کے دلوں میں بستے ہیں خصوصاً این اے 246کا علاقہ کہ جہاں سے ایم کیوایم نے اپنی جدوجہد کا آغاز کیا اور اس علاقے کی عوام حق پرستی کی جدوجہد میں بے شمار قربانیاں دے چکے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما اور نام نہاد مبصرین اپنے زعم میں جو چاہے دعوے کرتے رہیں لیکن الیکشن کے دن عوام کا فیصلہ تمام تر سازشوں اور تمام تر تجزیوں کی حقیقت کھول کر رکھ دے گا۔ اور متعصب تجزیہ کاروں کو اپنا منہ چھپانے کی کہیں جگہ نہیں ملے گی۔