صوبے کے غیور عوام میں سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے،محمودخان

بدھ 1 اپریل 2015 16:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء)خیبر پختونخواہ کے وزیر آبپاشی محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کے غیور عوام میں سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے۔ اب انہیں ماضی کی طرح موسمی سیاستدانوں کے زبانی جمع خرچ کے اعلانات اور خالی خولی نعروں سے دھوکہ نہیں دیا جا سکتا ہے۔ بلکہ وہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے قلیل عرصے میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں صوبے کو تعمیر وترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ایسے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔

جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر پشاور میں صوبے کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ روایتی سیاستدانوں نے ہمیشہ کے لئے لوگوں کو اندھیرے میں رکھا ہے۔ اور ان سے ووٹ لے کر کے اپنی عیاشیوں میں لگے رہتے اور صوبے کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل و مشکلات کا ذرہ برابر بھی احساس نہیں تھا۔

مگر پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جوکہ بلا امتیاز عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت ، معاشرے سے نا انصافیوں ، ظلم، بد عنوانیوں کے خاتمے اور میرٹ و قانون کی بالا دستی قائم رکھنے کے لئے کوشاں ہے۔ محمود خان نے کہا تبدیلی ایک پختہ اور جامع نظریہ ہے اس حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے تبدیلی کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایسے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات شروع کئے تاکہ ادارے عوام کی خدمت اور ان کی شکایات کے ازالہ کے لئے ایک موثر طریقے سے اپنے خدمات انجام دے سکیں ۔

انھوں نے کہا کہ انشاء اللہ آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں عوام ان موسمی سیاستدانوں کو عبرت ناک شکست سے دوچار کر دیں گے۔ اور پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ سے کامیاب کرائیں گے۔ اس موقع پر انھوں نے وفود کے مسائل سنے اور حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وفود نے مسائل غور سے سننے اور حل کرنے میں دلچسپی لینے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔