موسم گرما کے چارے کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت

بدھ 1 اپریل 2015 16:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ موسم گرما میں مویشیوں کے چارے کی قلت دور کرنے کے لیے مکئی، سدا بہار جوار اور ماٹ گراس کاشت کریں۔ سبز چارے کی کاشت کے لیے زمین کی زرخیزی میں اضافہ کے لیے گوبر کی گلی سٹری کھاد 15گڈے فی ایکڑ ڈالنے کے بعد کھیت میں مٹی پلٹنے والا بل ایک بار اور عام بل تین بار چلا کر سہاگہ سے زمین کو ہموار کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوبر کی کھاد انتہائی زبردست نتائج کی حامل ہوتی ہے لیکن اگر کسی وجہ سے گوبر کی کھاد دستیاب نہ ہو تو دیگر مصنوعی کھادوں کا سہارا لیا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی کھاد کی عدم دستیابی کی صورت میں فی ایکڑ3بوری ایس ایس پی اور آدھی بوری یوریا کھاد ڈالی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مویشی پال اور کاشتکا ر حضرات اپریل کے شروع سے لے کر مئی کے اختتام تک جوار اور سدا بہار سبز چارہ کاشت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کے لیے محکمہ لائیو سٹاک کی فری ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :