معاشرتی ترقی کا واحد ذریعہ تعلیم ہے‘رکن صوبائی اسمبلی راجہ حنیف ایڈووکیٹ

بدھ 1 اپریل 2015 13:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) رکن صوبائی اسمبلی پنجاب راجہ حنیف ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ معاشرتی ترقی کا واحد ذریعہ تعلیم ہے وطن عزیز کو امن و سلامتی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے تعلیم کے شعبے میں بہتری لانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ سے ہی معاشرے سے غربت ، جہالت اور ذہنی پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہے، حکومت پنجاب تعلیم کے حصول اور فروغ میں بہتری کے لئے تما م وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے اپنے ان خیالات کا اظہار آرکسفورڈ پبلک سکول ،فاروق اعظم روڈ ، راولپنڈی میں سالانہ امتحانات کے نتائج کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔معروف سماجی و سیاسی شخصیت رضا احمد شاہ،حافظ محمد رمضان، وحید ستی ، ظفر اقبال ، انعام قریشی ، منیر کھوکھر ، حاجی رشید ،اساتذہ ، والدین اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

پرنسپل آکسفورڈ پبلک سکول خالد محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد ہتھیار ہے جس کی مدد سے انسان نہ صرف معاشی ترقی بلکہ کائنات کو تسخیر کر کے اپنے اور ملک کے لئے کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ طلبا و طالبات کو جدید تعلیم فراہم کریں تاکہ وہ معاشرے کے فعال رکن بن کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

اس موقع پر طلبا و طالبات نے تلاوت ، نعت، ٹیبلواور ملی نغمے پیش کئے ۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی راجہ حنیف ایڈووکیٹ ایم پی اے نے پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات اور میڈلز تقسیم کئے اور بہترین کارکردگی پیش کرنے والے اساتذہ کو تعریفی اسناد دی گئیں۔
پرویز الٰہی نے اپنے دور حکومت میں احتجاج اور دھرنے دیئے بغیر ہی صحافیوں کے مسائل حل کیے ‘ خدیجہ فاروقی