اورکزئی ایجنسی ،مکان کی چھت گرنے سے بچہ ماں سمیت جاں بحق، کرم ایجنسی میں بجلی گرنے سے 9افراد زخمی

بدھ 1 اپریل 2015 13:41

ہنگو/پارچنار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) اورکزئی ایجنسی میں مکان کی چھت گرنے سے بچہ ماں سمیت جاں بحق جبکہ کرم ایجنسی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی گھر کے 9افراد زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پولیٹیکل انتظامیہ اورکزئی ایجنسی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ منگل اور بدھ کے درمیانی شب 4بجے لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ سام میں قمر زمان کی اہلیہ اور ایک سالہ بچہ کمرے کے اندر محو خواب تھے کہ شدید بارشوں کی وجہ سے ان پر کمرے کی چھت آگر ا جس کے نتیجے میں ماں اور بیٹا دونوں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے ،یاد رہے کہ دو دن قبل لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ فیروز خیل میں بارشوں کی وجہ سے مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون زوجہ میاں ولی خان جاں بحق اور 2خواتین اور 2بچے زخمی ہو گئے ،دوسرا واقعہ لوئر کرم ایجنسی کے علاقہ بگن میں پیش آیا جہاں پر عبدالرحمن نامی شخص کے گھر پر آسمانی بجلی گر گئی جس کی وجہ سے مکان کی چھت گر گئی پولیٹیکل انتظامیہ کرم ایجنسی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں عبدالرحمن،منیر خان،محمد بلال،نمرین،نورین،محمد مصطفی سمیت 9افراد زخمی ہوگئے ہیں جن کو ٹل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :