جامشورو، پولیس کی کارروائی ،تحریک طالبان کے نائب امیر سمیت3 دہشت گرد گرفتار

بدھ 1 اپریل 2015 13:24

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) حیدر آباد کے علاقے جامشورو میں پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں تحریک طالبان کے نائب امیر سمیت3دہشت گرد گرفتار کر لئے جبکہ ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور نقشہ جات برآمد کر لئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی علی الصبح حساس اداروں کی رپورٹ پر پولیس نے جامشورو کے علاقے سکندر آباد میں ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں مصروف 3 دہشت گرد گرفتار کر کے ان کے منصوبہ کو ناکام بنا دیا ہے ۔

ایس ایس پی جامشورو طارق ولادیت نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی میں تحریک طالبان کے نائب امیر سمیت 3 اہم دہشت گرد پکڑے گئے ہیں،انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں سے 3 کلاشنکوفیں،بارودی مواد ،5 ہینڈ گرنیڈ اور کراچی کے مختلف علاقوں کے نقشہ جات بھی برآمد کئے گئے ہیں، ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گرد حیدر آباد اور کراچی کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے منصوبہ بندی کررہے تھے ،پکڑے جانے والے دہشت گردوں کی شناخت بہاؤ الدین ،گل زرین ،شاہ الدین کے نام سے ہوئی جبکہ تینوں کا تعلق شمالی وزیرستان کے علاقے وانا سے ہیں۔

(جاری ہے)

گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :