جبوتی سے 200 پاکستانیوں کی واپسی کیلئےطیارہ آج دوپہر جائیگا

بدھ 1 اپریل 2015 11:17

جبوتی سے 200 پاکستانیوں کی واپسی کیلئےطیارہ آج دوپہر جائیگا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل2015ء).عدن میں محصور 200 پاکستانی چینی بحری جہاز کے ذریعے آج جبوتی پہنچیں گے ۔ پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے پی آئی اے کی پرواز آج دوپہر 12بجے کراچی سے جبوتی جائے گی۔ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہاہے کہ یمن کے شہر عدن میں محصور 200 پاکستانیوں کو ایک چینی بحری جہاز کے ذریعے آج افریقی ملک جبوتی پہنچایا جائے گا، جہاں سے انہیں پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔

پرواز کو تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صنعاء سے پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے سعودی عرب سے شہر کو نو فلائی زون سے استثنا جبکہ یمنی حکام سے گراؤنڈ کلیئرنس مانگی گئی ہے، صنعا میں 70تا 90پاکستانی محصور ہیں جو سفیر کے قافلے کے ساتھ حدیدہ نہیں گئے اور وطن واپسی کا موقع ضائع کیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا تھا کہ عدن میں محصور 200 پاکستانیوں کو ایک چینی بحری جہاز کے زریعے آج جبوتی پہنچایا جائیگا، جہاں سے انہیں پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے زریعے وطن واپس لایا جائیگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ 150 پاکستانیوں کو لانے کیلئے پاکستان نیوی کا بحری جہاز جمعرات 2 اپریل کو مکلا پہنچے گا ،ان لوگوں کو کراچی لایا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ 400 پاکستانی صنعا،عدن اور مکلا میں انخلا کے انتظارمیں ہیں، جہاں خصوصی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جو کرائسز مینجمنٹ سیل سے رابطے میں ہیں۔