صوبائی حکومت شعبہ تعلیم میں انقلابی اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے، مشیر تعلیم سردار رضامحمد بڑیچ

منگل 31 مارچ 2015 23:11

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء ) مشیر تعلیم سردار رضامحمد بڑیچ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت شعبہ تعلیم میں انقلابی اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کو کم عمری کی تعلیم (Early Child Education) کی کلاسز سے لے کر میٹرک تک انگریزی زبان مین تعلیم دی جائے گی۔ اس سے معاشرہ میں غریب اور نادار بچے دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق مقابلے کے قابل ہوسکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائی اسکول پرنس روڈ کوئٹہ میں انگلش میڈیم کی کلاسز کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے بچوں کے یونیفارم کو بھی تبدیل کیا گیا ہے اور اس سے عمومی رحجان کے مطابق بنایا جارہا ہے تاکہ سرکاری تعلیمی اداروں کے بچے معاشرے میں احساس کمتری کا شکار نہ رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اردو اور انگلش میڈیم کے درمیان خلیج کو دور کرنے کے لئے سرکاری اسکولوں کے بچوں کو انگلش میں تعلیم فراہم کی جائے گی اور یہ موجودہ صوبائی حکومت کا ایک احسن اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزمائشی طور پر ضلع کوئٹہ سے اس کا افتتاح کیا جارہا ہے اور اس کی کامیابی پر اسے صوبہ کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ اس موقع پر سیکریٹری ثانوی تعلیم عبدالصبور کاکڑ، پرنسپل گورنمنٹ ہائی اسکول پرنس روڈ کوئٹہ سید عباداللہ غرشین اور محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :