لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ نے ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی

منگل 31 مارچ 2015 23:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ نے ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے۔بدھ کو جسٹس محمود مقبول باجوہ نے ایان علی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا۔ اس سے قبل سیشن جج کسٹم نے ایان علی کی جانب سے دائر درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔ یاد رہے کہ 28 مارچ کو راولپنڈی کی مقامی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ماڈل ایان علی کو جیل میں بی کلاس دینے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

(جاری ہے)

عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ جیل میں بی کلاس دینے کا اطلاق فوجداری دفعات کے تحت درج ہونے والے مقدمات پر ہوتا ہے۔ کسٹم ایکٹ کے تحت گرفتار ہونے والے ملزمان کو جیل میں بی کلاس نہیں دی جا سکتی۔ جیل قواعد کے مطابق ہر اس ملزم کو بی کلاس ملتی ہے جس کی تعلیم بی اے یا اس سے زیادہ ہوتی ہے اور اس کلاس میں ملزم کو ایک خدمت گذار یعنی مشقتی بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ کسٹم حکام نے ماڈل ایان علی کو 14 مارچ کو اْس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ پانچ لاکھ امریکی ڈالرز لے کر دبئی جا رہی تھیں۔