جڑانوالہ، بنک میں ڈکیتی کی واردات کر کے فرار ہونیوالے دو ڈاکوؤں کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا،فائرنگ سے راہگیرزخمی ہوگیا

منگل 31 مارچ 2015 22:19

جڑانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) بنک میں ڈکیتی کی واردات کر کے فرار ہونے والے دو ڈاکوؤں کو شہریوں نے کمال جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک راہگیر شدید زخمی۔ ذرائع کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ علی پور بنگلہ میں قائم ایم سی بنک برانچ میں تین مسلح ڈاکو داخل ہو گئے اور اْنہوں نے بنک عملہ کو یرغمال بنا کر بنک میں موجود کیش 73887/- روپے لوٹ کر فرار ہونے کی کوشش کی ۔

اسی دوران بنک میں بل دینے آئے علی پور بنگلہ کے رہائشی ریٹائرڈ فوجی عبدالرؤف نے اپنی بیساکھی بھاگتے ہوئے ڈاکو گوہر کی ٹانگوں میں پھنسا دی اور اْسے گرا کر دبوچ لیا۔ بنک عملہ اور دیگر لوگوں کے شور مچانے پر لوگ اکٹھے ہوگئے اور اْنہوں نے دوسرے ڈاکو عبدالجبار کو بھی دبو چ لیا جبکہ ڈاکوؤں کا تیسرا ساتھی عمران فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

(جاری ہے)

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک راہگیر عباد علی سکنہ 101 گ ب زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر فیصل آباد ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اْس کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔ پکڑے گئے ڈاکوؤں گوہر اور عبدالجبار کو شہریوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ ڈاکوؤں کو بچانے کے لئے پولیس چوکی علی پور بنگلہ کے حوالدار محمد ارشد کو ڈاکوؤں کا ساتھی سمجھتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی سی پی او ڈاکٹر سہیل تاجک، ڈی ایس پی اختر وینس اور ایس ایچ اوتھانہ صدر موقع پر پہنچ گئے اور ڈاکوؤں کو گرفتا رکر لیا۔ سی پی او ڈاکٹر سہیل تاجک کے مطابق فرار ہونے والے ڈاکو عمران کی گرفتاری کے لئے پولیس پارٹیاں روانہ کر دی گئی ہیں اور اْسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :