پنجاب پولیس چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کررہی ہے ‘شنیلا روتھ ،

بے گناہ افراد کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے ناکہ بے گناہ افراد کو گرفتار اور تنگ کیا جائے

منگل 31 مارچ 2015 22:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف مینارٹی ونگ پنجاب کی صدر وایم پی اے شنیلاروتھ نے کہاکہ پنجاب پولیس چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کررہی ہے ، بغیر وارنٹ گرفتاری مسیحی نوجوانوں کو دھڑا دھڑ گرفتار کیا جا رہا ہے ، ایسٹر کے موقع پر سخت خوف وہراس پایا جاتا ہے ، جس کی ذمہ دارپنجاب حکومت اور پولیس ہے ،ہمارا پہلے دن سے موقف واضح ہے کہ بے گناہ افراد کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے ناکہ بے گناہ افراد کو گرفتار اور تنگ کیا جائے، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اپنے اوچھے ہتھکنڈے بند کریں، مسیحی برادری نے پاکستان کو بنانے میں کردار ادا کیا تھا اور آج پاکستان کو بچانے کے لئے بھی اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

شنیلا روتھ پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ شمیم بھٹی جو سانحہ یوحنا آباد کے موقع پر جان بحق ہوگئے تھے ان کے بیٹے عدنان شمیم بھٹی سے اظہار تعزیت کی ۔ شنیلاروتھ نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ضلع ننکانہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ، ماٹن پور ، سانگلہ ہل اور ینگسن آباد میں عوامی اجماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف اقلیتوں کے مسائل حل کرنے کے لئے پوری طرح کوشاں ہے۔

عمران خان مسیحی برادری کے مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کررہے ہیں ۔میں مسیحی برادری کو یقین د لاتی ہوں کہ تحریک انصاف اقتدار میں آکر آپ کے تمام مسائل حل کرے گی۔ تمام نام نہاد حکومتوں نے اقلیتوں سے ووٹ تو لئے لیکن ان کے مسائل حل نہیں کئے ۔ اس موقع پر مسیحی برادری نے بڑی تعداد میں تحریک انصاف میں شمولیت اور بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔شنیلاروتھ نے سابقہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری چندولال کے پوتے نمبردا ر رجیت لال سے بھی ملاقات کی اور انہوں نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا، اس موقع پر تجمل پرویز ، ثاقب ، ملک طارق محمود، مہندر پال سنگھ ، اعجازعالم سمیت دیگر عہدیداران بھی موجو د تھے۔

متعلقہ عنوان :