این اے 246 کے ضمنی الیکشن کو مکمل مانیٹرنگ کریں گے،ووٹرز الائنس پاکستان ،

حلقہ اہم و حساس ہے ،دھاندلی روکنے اورشفافیت کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائیگی،جمیل اقبال سیّد

منگل 31 مارچ 2015 21:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) ملک بھر کے انتخابی رائے دہندگان ”ووٹرز“ کی نمائندہ واحد ملک گیر تنظیم ووٹرز الائنس پاکستان (ویپ )نے ووٹ کی اہمیت و افادیت کی روشنی میں ووٹ کا تقدس برقرار رکھنے اور ملکی انتخابی نظام کے وقار کے تحفظ کیلئے الیکشن کمیشن آ ف پاکستان سے تعاون کرتے ہوئے کراچی کے قومی اسمبلی کی نشست NA-246 کے ضمنی الیکشن کو مانیٹر کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔

اس سلسلے میں الائنس کے مرکزی سیکریٹریٹ میں مرکزی قیادت کا ایک اہم اجلاس بانی و مرکزی چیئرمین جمیل اقبال سیّد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں اہم مرکزی رہنماؤں کے علاوہ صوبہ سندھ اور کراچی شاخ کے سرکردہ رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیضلہ کیا گیا کہ اکثر و بیشتر ملک کے ہر انتخابی حلقے میں نتائج آنے کے بعد دھاندلی کے دعوے معمول بن چکے ہیں جس کی وجہ سے ملک کے انتخابی نظام پر سوالات اٹھنے لگے ہیں اور ووٹ کا تقدس مجروح ہو رہا ہے لہذا ووٹرز الائنس پاکستان نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی آفس عزیز آباد سے متعلقہ حلقے NA-246 کے الیکشن کو مکمل طور پر مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ الیکشن میں ہونے والی کسی بھی فریق کی جانب سے کی جانے والی دھاندلی اوربے قائدگی و بے ضابطگی کو منظر عام پر لایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں متفقہ طور پر طے کیا گیا کہ مانیٹرنگ کا کام مکمل طور پر غیر جانبداری سے شفافیت کے ساتھ کیا جائیگا جس کا اصل مقصد ملک کے انتخابی نظام پر اٹھنے والے سوالات اور بے اعتباری کو ختم یا کم سے کم کرنا ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ ووٹرز الائنس پاکستان ووٹ کی اہمیت اور افادیت کو عوام پر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ووٹ کی طاقت کے درست طریقے سے درست امید وارکے لئے استعمال سے حلقے کے عوام اور ملک و قوم کیلئے مفید نتائج برآمد کرانے کیلئے بھی کام کر رہا ہے اس لئے وہ عوام کو تجویز کرتا ہے کہ وہ اپنا قیمتی ووٹ صرف اور صرف اس امید وار کو دیں جو اخلاق و کردار کے اعتبار سے مثالی اور علاقے کے عوام کے ساتھ ہمدردی اور خدمت میں سب سے بہتر ریکارڈ کا حامل ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ ملک کے عام انتخابات میں امیدواروں کی جانب سے کئے جانے والے خلائی دعووں اور جھوٹے وعدوں کا توڑ کرنے کیلئے صرف اور صرف ایسے امید وار کو ووٹ دیں جو عوام سے خدمت اور انکے مسائل کو حل کرنے کا تحریری وعدہ کرے ۔اجلاس سے الائنس کے مرکزی رہنماؤں اے ڈی قریشی، شکیل ملک، حسنین عباس، فیصل غوری، راؤ صولت علی خان، کامریڈ ریحان شاہ ، آفتا ب احمد، ابو عبدالصمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کا آزادانہ اوردرست استعمال جمہوری نظام کی بنیاد ہوتا ہے مگر ہمارے ملک میں اس بنیاد کو دولت ، اثر و رسوخ اور سیاسی بدمعاشیوں و غنڈہ گردیوں کے ذریعے انتہائی کمزور کر دیا گیا ہے جس کی درستگی اور مضبوطی کیلئے ووٹرز الائنس پاکستان (ویپ ) کوشاں ہے اوراپنی جدوجہد مقاصد کے منطقی اور حتمی حصول تک جاری رکھے گا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کا انتخابی نظام ووٹرز لسٹوں کی درستگی کیساتھ ساتھ منتخب نمائندوں کو عوام کی ہمدردی، خدمت اور بھلائی کی راہ پر چلانے کیلئے کچھ نئے سماجی و قانونی اصول و ضوابط کا تقاضا کر رہا ہے جس کی معقول تجاویز اور پلان ووٹرز الائنس پاکستان ” ویپ “ کے پاس ہیں لہذا الیکشن کمیشن ووٹرز لسٹوں کی درستگی کیساتھ ساتھ انتخابی نظام کی درستگی اور بہتری کیلئے ووٹرز الائنس پاکستان (ویپ) کو اپنے ساتھ بھی شریک عمل کرلے گا تو یہ عظیم قومی و عوامی مفاد میں ہو گا۔

متعلقہ عنوان :