بلاول ہاؤس کے اطراف سے سکیورٹی بیئرئیر کا ہٹانا اس کے پس پشت نفرت اور تعصب کارفرما ہے، سینیٹر تاج حیدر

منگل 31 مارچ 2015 21:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر تاج حیدر نے بلاول ہاؤس کی سکیورٹی کے لئے لگائے جانے والے بیرئیر کو ہٹائے جانے کے فیصلے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب کسی شخصیت یا کسی جگہ کو خطرات لاحق ہوں تو حکومت سکیورٹی کے انتظامات مہیا کرتی ہے جیسا کہ حساس مقامات مثلاً امریکہ ،برطانیہ، ایران اور سعودی عرب وغیرہ کے سفارتخانوں میں سکیورٹی کے معاملات کے مدنظر اطراف کی سڑکوں کو عام لوگوں اور ٹریفک کی آمد ورفت کے لئے بند کر دیا جاتا ہے۔

کچھ ایسی ہی صورتحال بلاول ہاؤس کی بھی ہے جسے سنگین دھمکیوں اور خطرات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر بیئرئیر لگائے گئے کیونکہ بلاول ہاؤس کے مکین ماضی میں دہشت گردی کا نشانہ بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ بلاول ہاؤس کے اطراف سے سکیورٹی بیئرئیر کا ہٹایا جانا نہ صرف غیر منطقی ہے بلکہ اس کے پس پشت نفرت اور تعصب کارفرما ہے۔

وہ عناصر جنہوں نے بلاول ہاؤس کے اطراف سے سکیورٹی بیئرئیر کو ہٹائے جانے کا مطالبہ کیا انہوں نے امریکہ سفارتخانے یا برطانوی ہائی کمیشن کے اطراف ایسے ہی سکیورٹی بیئرئیر کو ہٹائے جانے کا مطالبہ کیوں نہیں کیا ۔انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کی طرف سے بلاول ہاؤس کے اطراف سے سکیورٹی بیئرئیر ہٹانے کے ذاتی فیصلے کو سراہتے ہوئے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ بلاول ہاؤس کی مناسب سکیورٹی کا فی الفور بندوبست کریں۔