کا شغر گوادر ٹریڈ روٹ میں تبدیلی سے جنوبی اضلاع کی پسماندگی میں مزید اضافہ ہو گا،سکندرشیرپاؤ،

جنوبی اضلاع میں پیدا ہونے والے تیل و گیس پر وہاں کے عوام کا حق ہے ،جنوبی اضلاع میں اس کی فراہمی یقینی بنائی جائے،رہنماء قوم وطن پارٹی

منگل 31 مارچ 2015 20:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ کاشغر گوادر ٹریڈ روٹ میں تبدیلی سے جنوبی اضلاع کی پسماندگی میں مزید اضافہ ہو گا۔انھوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع میں پیدا ہونے والے تیل و گیس پر وہاں کے عوام کا حق ہے لہٰذا جنوبی اضلاع میں اس کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ وہاں کے عوام اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاورمیں ضلع کرک کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر بھی موجود تھے۔اجلاس میں ضلع کی تنظیمی امور اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سیر حاصل بحث کی گئی اور دوسری جماعتوں سے بات چیت اور اتحاد کیلئے غفران خٹک اور وحید الرحمان پر مشتمل دو رکنی پارلیمانی بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرضلع کرک کے چیئرمین غفران خٹک جو کہ سدرن زون کی تنظیم میں بھی وائس چیئرمین کے عہدہ پر تعینات ہے اور ضلع کے دوسرے ساتھیوں کی مشاورت سے وحید الرحمان کو متفقہ طور پر ضلع کرک کیلئے نیا چیئرمین مقرر کیا گیا۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ دور افتادہ اور پسماندہ اضلاع کی تعمیر و ترقی کیلئے آواز اٹھائی ہے اور وہاں کے عوام کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ کرک میں تیل و گیس کی رائیلٹی کی مد میں حاصل ہونے والے وسائل جنوبی اضلاع پر خرچ کئے جائیں کیونکہ یہ ان کا آئینی اور قانونی حق بھی ہے۔انھوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع حکومت کی عدم توجہی کی بدولت پہلے ہی کئی مسائل کا شکار ہیں اور وہاں کی پسماندگی میں حد درجے اضافہ ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لیا جائے گا اور اس ضمن میں حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔

تمام اضلاع کے عہدیداران کو مقامی سطح پر کسی بھی پارٹی سے اتحاد کر نے کا اختیار تفویض کر دیا گیا ہے اور کارکنوں کو بھر پور تیاری کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔سکندر شیرپاوٴ نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں قومی وطن پارٹی جنوبی اضلاع میں موثر قوت کے طور پر ابھرے گی۔انھوں نے صوبہ خیبر پختونخوا میں 15,15گھنٹے بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ بند کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس سے نہ صرف عوام بلکہ صوبہ کی معیشت کوبھی شدیدنقصان پہنچا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ کاشغر گوادر روٹ میں تبدیلی پختونوں کے ساتھ زیادتی ہو گی جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا ئے گا۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع کرک کے رہنماؤں غفران خٹک اور وحیدالرحمان کے علاوہ انعام بادشاہ،ذیشان خٹک،احمد شاہ،شکور خان،ہمایون شاہد اور سلام خٹک بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :