حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کی اپ گریڈیشن اور انفراسٹرکچر کی بحالی اولین ترجیح ہے ،غضنفربلور

منگل 31 مارچ 2015 19:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن حیات آباد کے نو منتخب صدرغضنفر بلور نے کہا ہے کہ حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کی اپ گریڈیشن اور انفراسٹرکچر کی بحالی اولین ترجیح ہے ۔ صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے حکمت عملی وضع کرلی ہے۔صوبائی حکومت انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد کی بحالی کے لئے فوری اقدامات اٹھائے ۔

صنعتکاروں کو ساتھ لے کر چلوں گا اور ان کی باہمی مشاورت سے مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ صنعتکاروں کو مایوس نہیں کروں گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن حیات آباد کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ لبرا فارماسوٹیکل میں منعقدہ تقریب میں خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر فواد اسحق  چیمبر کے سابق صدور ریاض ارشد  ملک نیاز احمد  انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن حیات آباد کے سینئر نائب صدر عمر خان زکوڑی  ایسوسی ایشن کے عہدیدار  خیبر پختونخوا چیمبر کے سابق صدور  ایگزیکٹو ممبران اور حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت صوبے کی دیگر انڈسٹریل اسٹیٹس سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

غضنفر بلور نے انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد کے صنعتکاروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اُن سمیت ایسوسی ایشن کے تمام عہدیداروں کا بلا مقابلہ انتخاب اُن پر بھرپور اعتماد کا نتیجہ ہے اور وہ صنعتکاروں کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد کی اپ گریڈیشن اور انفراسٹرکچر کی بحالی سمیت دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے بہت جلد سیکرٹری انڈسٹری اور چیئرمین ایس ڈی اے سمیت متعلقہ اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کی جائے گی ۔

انہوں نے انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن حیات آباد کے سابق صدر ملک نیاز احمد کو صنعتکاروں کی خدمت کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ۔ تقریب سے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر فواد اسحق  چیمبر کے سابق صدور ریاض ارشد  ملک نیاز احمد اورانڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن حیات آباد کے نو منتخب سینئر نائب صدر عمر خان زکوڑی نے بھی خطا ب کیا اور حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت صوبے کی تمام انڈسٹریل اسٹیٹس کے صنعتکاروں کے مسائل اجاگر کئے اور ان مسائل کے حل کیلئے سفارشات پیش کیں۔