ضلع تور غر کالا ڈھاکہ کے عمائدین ِجرگہ کی کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر سے ملاقات، 23نکاتی معاہدے پر عمل درآمد کا مطالبہ

منگل 31 مارچ 2015 19:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31مارچ۔2015ء) ضلع تور غر کالا ڈھاکہ کے 5قبائل کے عمائدین ِجرگہ نے آج یہاں وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ایم این اے کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران عمائدین جرگہ نے ایم این اے موصوف کو 23نکاتی معاہدے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا جو کہ خیبر پختونخوا اسمبلی سے متفقہ قرارداد کی صورت میں منظور کیا جا چکا ہے۔

مطالبات کے حوالے سے گفتگو کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ دور حکومت میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ علاقے کی پسماندگی کے خاتمے کے لیے اس ضلع کو دوسرے اضلاع کے برابر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ چونکہ یہ پاکستان کے پسماندہ ترین علاقوں میں ہوتاہے لہذا ہماری گزارشات پر ہمدردانہ غور کر کے اس کو عملی جامہ پہنایا جائے۔

(جاری ہے)

ایم این اے کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے کہا کہ علاقے کی ترقی کے لئے موجودہ حکومت کے اقدامات خوش آئند ہیں اورجاری منصوبوں سے علاقے کے عوام خوشحال ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ علاقے کی ترقی کے لئے حکومت کی طرف سے تور غر ضلع میں بجلی کے نئے منصوبوں کے لئے 20کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جسکی وزیرخزانہ کی طرف سے منظوری بھی ہو چکی ہے۔اس کے علاوہ تور غر ضلع کے علاقے بروندر کے لئے120میگاواٹ بجلی کی فراہمی کا منصوبہ بھی شامل ہے جو کہ اب تک کے ترقیاتی کاموں میں سب سے بڑا پراجیکٹ ہے۔

ایم این اے موصوف نے کہا کہ علاقے کے تمام گاؤں میں لوگوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے موجودہ حکومت کی طرف سے بھاری پیکج کااعلان بھی کیا گیا ہے۔جس میں سڑکوں کی تعمیر،تعلیم،صحت ،پینے کا صاف پانی،بجلی،گیس اور زراعت کے شعبے کے لئے منصوبے شامل ہیں۔ان منصوبہ جات اور سکیموں کی تکمیل سے علاقے کے لوگوں کو ریلیف مل سکے گا۔اس کے علاوہ علاقے میں انکم سپورٹ پروگرام کے لیے سروے اور Basic Health Unit (BHU)کی تعمیر بھی شامل ہے۔

عمائدین جرگہ نے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے منصوبے جاری کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اطیمنان اور خوشی کا اظہار کیا۔کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے عمائدین جرگہ کو مطالبات کی تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آپ کے مطالبات کی منظوری کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :