کوہاٹ میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں شادی شدہ خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق

منگل 31 مارچ 2015 19:04

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31مارچ۔2015ء ) کوہاٹ میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں شادی شدہ خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ نصرت خیل میں 22 فروری کو گھر کے اندر خاوند کے مبینہ تشد د سے زخمی ہونیوالی خاتون مسماة (ر)دخترنواز خان پشاور ہسپتال میں زیر علاج رہتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑ گئی تھی جسکی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد ثابت ہونے کے بعدپولیس تھانہ چھاؤنی نے گزشتہ روز قانونی رائے موصول ہونے پراسکی خاوند گل ور خان ولد نور خان ساکن نصرت خیل کے خلاف اپنی بیوی کے قتل شبہ عمد کا مقدمہ درج کر لیاتاہم ایف آئی آر میں نامزد ملزم تاحال روپوش ہے جسکی گرفتاری کیلئے پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

قتل کا ایک اور واقعہ شہر کے علاقہ مصطفیٰ بازار میں پراچگان گیٹ کے قریب پیش آیا جہاں محلہ شینوخیل کے رہائشی فضل محمود کوباپ کے سامنے مسلح ملزم حارث عرف انڈو ساکن گڑھی ڈھوڈیوال نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا اور جائے واردات سے فرار ہوگیا۔

(جاری ہے)

قتل کا یہ واقعہ مقتول اور ملزم کے مابین کچھ روز قبل ہونیوالی معمولی تکرار کا شاخسانہ بتا یا جا رہا ہے۔پولیس تھانہ سٹی نے مقتول کے والد مقصود کی مدعیت میں نامزد ملزم حارث ولد اعظم خان کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسکی تلاش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :