بلدیاتی انتخابات میں ثابت کرینگے بنوں جے یو آئی کا گڑھ ہے،نام نہاد تبدیلی کا والوں کا نہیں، اکرم خان درانی ،

مغرب مختلف سازشوں کے ذریعے ہمارے مقدس مقامات ،دینی مدارس،مساجد اور دین کو ختم کرنے کے درپے ہے پاکستان کے خلاف بھی اندرونی سازشیں ہورہی ہیں،ہم کسی کو بھی تبدیلی کے نام پر فحاشی وعریانی کا لائسنس نہیں دے سکتے، خون کے آخری قطرے تک بنوں کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے، وفاقی وزیر کا استقبالیہ تقریب سے خطاب ، میڈیا سے خصوصی گفتگو

پیر 30 مارچ 2015 23:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں ثابت کرینگے کہ بنوں جمعیت علماء اسلام کا گڑھ ہے نام نہاد تبدیلی کا والوں کا نہیں مغرب مختلف سازشوں کے ذریعے ہمارے مقدس مقامات ،دینی مدارس،مساجد اور دین کو ختم کرنے کے درپے ہے دین کی حفاظت کیلئے آواز اٹھانے پر قائد مولانا فضل الرحمن پر تین مرتبہ خود کش حملے کئے گئے اس کے باوجود وہ اسلام کے خلاف سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں پاکستان کے خلاف بھی اندرونی سازشیں ہورہی ہیں قوم نے اب فیصلہ کرنا ہے کہ وہ مغربی ایجنٹوں کا ساتھ دیتی ہے یا اسلام کا دفاع کرنے والوں کا ساتھ دیتی ہے ہم کسی کو بھی تبدیلی کے نام پر فحاشی وعریانی کا لائسنس نہیں دے سکتے خون کے آخری قطرے تک بنوں کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے سماجی شخصیت ملک آصف خان منڈان کیجا نب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر خیبر پختونخوا اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ایم پی اے اعظم خان درانی ، زاہد خان درانی، ملک گلاپ خان،ملک عمرقیاز خان، چیف آف بازار احمد خان ملک شکیل خان ،سجاد خان زرگر، عمرحیات خان ،رائس خان نے بھی خطاب کیااُنہوں نے کہا کہ ہم خدمت کے ذریعے عوام کے دلوں پر حکمرانی کرنا چاہتے ہیں خود کو خان اور ملک ظاہر نہیں کرتے ہیں آج کے جو نابالغ بچے تبدیلی کے نام پر پی ٹی آئی کا ساتھ دے رہے ہیں کاش وہ ایم ایم اے دور سے پہلے کا بنوں دیکھ لیتے جس وقت ہسپتالوں میں رات کے وقت پوسٹ مارٹم تک کی سہولت نہیں تھی ہسپتال جانوروں کے اصطبل سے بھی بد تر حالت میں تھے لیکن ایم ایم اے کے دور حکومت کے بعد ہم نے بنوں کا نقشہ تبدیل کردیاکینسر ہسپتال،برن سنٹر،پاسپورٹ آفس،دو رویہ سڑکیں،لنک روڈ،جوڈیشل کمپلیکس،ہائی کورٹ سرکٹ بینچ،جدید پارک،سنٹرل جیل اور دیگر اربوں روپے کے ترقیاتی کام کرنے سمیت بنوں کیلئے گیس منظور کروائی اور اب وزیر اعظم سے بات کی ہے۔

(جاری ہے)

لہذا 22کروڑ روپے کی لاگت سے بنوں کی پانچ یونین کونسلوں کو گیس فراہم کی جائیگی بازار احمد خان ہائی سکول کو ہائر سیکنڈریء سکول کا درجہ دیں گے ڈومیل سے رنگین آباد چوک تو ڈبل سڑک تعمیر کی جائیگی انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں بنوں میں کامرس کالجز قائم کیا اور واحد بنوں ہے جسمیں دو کامرس کالج ہیں ہر حلقہ میں ڈگری کالجز قائم کئے سکولوں،سڑکوں کا جال بچھایا یونیورسٹی قائم کی میڈیکل کالج قائم کیا جبکہ تبدیلی کے نام پر بننے والی پی ٹی آئی حکومت تعمیراتی کاموں کی بجائے لوگوں کی دکانیں،پلازے اور کیبن مسمار کررہی ہے انہوں نے کہا کہ جو قومیں تہذیب اور ثقافت بھول جاتی ہیں وہ تباہ ہوجاتی ہیں ہم اسمبلیوں کے اندر اور باہر اسلام کا دفاع کریں گے انہوں نے کہا کہ بنوں میں ہمارے جو مخالفین ہیں ان سے ہمیں کوئی دشمنی نہیں فرق صرف اتنا ہے کہ ہم بنوں کے عوام کو اندھیروں اور غلامی سے نکالنا چاہتے ہیں جبکہ ہمارے سیاسی مخالفین انہیں پھر سے پتھر کے زمانے میں لیجانے پر بضد ہیں لیکن ہم نے قسم کھائی کہ جب تک زندہ ہیں بنوں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے انہوں نے کہا کہ اگر میرے مقابلے میں بنوں کیلئے2فیصد بھی ترقیاتی کام ثابت کردیں تو میں سیاست چھوڑ دوں گا اور بلدیاتی انتخابات میں ہم ثابت کردیں گے کہ بنوں جے یو آئی گڑھ کاہے تبدیلی والوں کا گڑھ نہیں ہے ۔

۔۔