مسلم لیگ ن کے کارکن بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لیں ، امیر مقام ،

باہمی افہام و تفہیم سے ضلع اور تحصیل کیلئے امیدواروں کو نامزد کریں ، انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلدیاتی الیکشن میں بھر پور کامیابی حاصل کریگی ، کنونشن سے خطاب، کبل اور مٹہ میں بجلی کے کم وولٹیج کو حل کرنے کیلئے علیحدہ سے گرڈ سٹیشن کی منظوری دی جائے گی ،مشیر وزیر اعظم

پیر 30 مارچ 2015 23:04

سوات (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے کارکن بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لیں  باہمی افہام و تفہیم سے ضلع اور تحصیل کیلئے امیدواروں کو نامزد کریں ، انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلدیاتی الیکشن میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی ، پی ٹی آئی کا اصل چہرہ سوات کے عوام دیکھ چکے ہیں ان کی تبدیلی کے دعووں کی کوئی عملی حیثیت نہیں ، پاکستان مسلم لیگ (ن) حقیقی عوامی مسائل حل کرنے میں اپنے مشن پر گامزن ہے اور بڑی حد تک اپنے ٹاگٹ کو حاصل کر نے میں کامیاب ہو رہی ہے وہ پیر کے روز کبل میں مسلم لیگی رہنما عظمت علی خان کی رہائش گاہ پر منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے کنونشن سے سابق صوبائی وزیر فتح محمد خان ، قیموس خان ، دوست محمد خان ، عظمت علی خان ، عبداللہ خان اور شاہ عالم خان نے بھی خطاب کیا ، اور بلدیاتی الیکشن سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کرنے والے انجینئر امیر مقام کو اضافی ذمہ داریاں سونپ کر کارکنوں کے دل جیت لیئے ، ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سوات کے عوام نے تبدیلی کے دعویداروں کا حقیقی چہرہ دیکھ لیا ہے ، ان کے اعلانات محص بیانات تک ہی محدود ہیں جبکہ کوئی عملی کام نہیں ہوا اس کے برعکس پاکستان مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نے اپنے ٹارگٹ حاصل کرنے کی جانب تیزی سے گامزن ہے ، ملک میں دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کی جانب مسلم لیگ (ن) نے بڑی حد تک کامیابی حاصل کی ہے اور حالات میں خاصی بہتری نظر آرہی ہے ، مسلم لیگ (ن) کی مرکزی حکومت نے ملک کی تباہ حال معیشت کو سہارا دیا اور ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈالر لے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا، انجینئر امیر مقام نے کہا کہ صوبے کے چپے چپے سے وہ واقف ہیں ، انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ صوبے میں وفاقی محکموں سے متعلق عوامی مسائل کو حل کیا جاسکے ، تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے ، انہوں نے کہا کہ کبل کو گیس کی فراہمی کا منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا ، اور مٹہ کو بھی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ کبل اور مٹہ میں بجلی کے کم وولٹیج کو حل کرنے کیلئے علیحدہ سے گرڈ سٹیشن کی منظوری دی جائے گی۔