علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور چین کی جینان یونیورسٹی کا شعبہ ابلاغیات میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق

پیر 30 مارچ 2015 23:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور چین کی جینان یونیورسٹی نے شعبہ ابلاغیات میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ پیر کو چین کے پانچ رکنی وفد نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت چین کی جینان یونیورسٹی کے سکول آف جرنلزم اور کمیونیکیشن کے پروفیسر یو جی ایکسن کر رہے تھے۔

وفد نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی سے ملاقات کی اور دونوں یونیورسٹیوں کے درمیان شعبہ ابلاغیات میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ ا ٹھانے کیلئے وفود کے تبادلہ پر اتفاق کیا۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے چینی زبان اور جرنلزم کی تدریس بالخصوص آن لائن کورسز کیلئے چین کے تعاون کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ یونیورسٹی کے مین کیمپس میں چینی زبان سکھانے کا سینٹر قائم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے ہزاروں پاکستانی طلبہ کو سکالر شپس دینے اور تعلیم کے شعبہ میں چین کی مدد کو سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ریاض نے دورہ پر آئے ہوئے وفد کو یونیورسٹی کی کامیابیوں اور مختلف شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ 1987ء میں اپنے قیام کے بعد سے شعبہ ابلاغیات نے میڈیا ٹیچنگ سیکٹر میں بے پناہ کام کیا، اس نے پاکستان کی میڈیا انڈسٹری کو پیشہ ور اور ہنرمند افرادی قوت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :