انٹرکالج زہری میں فوری طور پر لیکچرارز کی تعیناتی کو عمل میں لایا جائے ، میر ریحان سمالانی کی پریس کانفرنس

پیر 30 مارچ 2015 20:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء)مسلم لیگ(ن) زہری کے رہنما میرریحان سمالانی نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ انٹر کالج زہری میں فوری طور پر لیکچرارز کی تعیناتی کو عمل میں لایا جائے تاکہ طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچ سکے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں تحصیل زہری میں انٹر کالج کا قیام عمل میں لایا گیا اور گزشتہ تین سال سے درس و تدریس کا عمل جاری ہے انٹر کالج زہری میں صرف ایک پرنسپل اورایک اسسٹنٹ تعینات ہے باقی کسی مضمون کا کوئی لیکچرار نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ زہری انٹر کالج میں طلبہ کی تعداد 160سے زائد ہے لیکن لیکچرارز نہ ہونے کے باعث طلباء کا قیمتی وقت ضائع ہورہا ہے ۔انہوں نے گورنر ، وزیراعلیٰ ، سینئر صوبائی وزیر اور چیف سیکرٹری سے اپیل کی کہ وہ انٹر کالج زہری میں لیکچرارز کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر کالج میں لیکچرار کی تعیناتی کو عمل میں لائیں تاکہ طلباء کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچ سکے۔