لبریشن فرنٹ کی طرف سے شہیداشفاق مجیداورشہید شبیرصدیقی کو شاندار خراج عقیدت

پیر 30 مارچ 2015 19:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء)مقبوضہ کشمیرمیں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے شہید اشفاق مجید وانی اور شہید سیّد شبیر احمد صدیقی سمیت درگاہ حضرت بل کے شہداء کی برسیوں پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لبریشن فرنٹ کے وائس چیئرمین بشیر احمد بٹ نے مزار شہداء سرینگر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید اشفاق مجید وانی اور شہید سیّد شبیر احمد صدیقی تحریک آزادی جموں وکشمیر کے وہ سالار تھے جنہوں نے اپنا لہو دیکرآزادی کے پودے کو سینچا اور آج ان شہداء کا لگایا ہوا پودا تناور درخت کی صورت میں سرزمین کشمیر پرکھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے آزادی پسند اپنے ان محسنوں کو کسی بھی صورت میں فراموش اور شہداء کے لہو سے مزین تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی ہی طرح اس برس بھی شہداء کی یاد میں مختلف پروگرام ترتیب دئے گئے ہیں۔ لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں نور محمد کلوال ، شیخ عبدالرشید اور دیگر نے شبیر احمد صدیقی اور درگاہ حضرت بل کے دیگر شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک عالم دین تھے جنہوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔