ایپل کے سربراہ ٹم کا تمام دولت فلاحی کاموں میں صرف کرنے کا اعلان

پیر 30 مارچ 2015 19:35

سان فرانسسکو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) بل گیٹس، مارک زکربرگ اور ٹیکنالوجی کی دنیا کے دیگربڑے ناموں کی طرح ایپل کمپنی کے سربراہ ٹم کْک نے بھی اپنی تمام دولت فلاحی کاموں کے لیے وقف کردینے کا اعلان کردیا ہے۔فارچیون نامی جریدے سے اپنی کامیابیوں کی داستان کے حوالے سے خصوصی انٹرویودیتے ہوئے ایپل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگر آپ تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو آپ کو وہ پتھر بننا ہوگا جو تالاب میں اضطراب پیدا کرتا ہے۔

ان کا ارادہ ہے کہ وہ اپنے10 سالہ بھتیجے کی کالج کی کل فیس ایک طرف کرنے کے بعد باقی بچ جانے والی ان کی تمام تر دولت فلاحی کاموں میں صرف کریں گے۔ایپل کمپنی میں ٹم کے قابل فروخت شیئرز کی مالیت 120 ملین امریکی ڈالر ہے جبکہ ناقابلِ فروخت شیئرز کی مالیت 665 ملین امریکی ڈالر ہے۔

(جاری ہے)

ٹم نے جریدے کو بتایا کہ وہ اپنا فلاحی کام خفیہ انداز میں شروع کرنا چاہتے ہیں اوراس کے لئے انکا ارادہ ہے کہ ایک باقاعدہ نظام وضع کیا جائے۔

انہوں نے ابھی اپنے مقاصد طے نہیں کئے ہیں لیکن انٹرویو کے دوران سماجی مسائل میں سے شہری حقوق، ایڈز، امیگریشن اصلاحات اور ماحول کاتحفظ ان کی گفتگو کا محورتھے۔دولت مندوں کی جانب سے فلاحی کاموں کے لئے تمام تر دولت وقف کردینے کی تحریک ارب پتی وارن بوفیٹ اوربل گیٹس کی جانب سے شروع کی گئی تھی جنہوں نے اپنی تمام تر دولت ترک کرکے دنیا بھر کے دولت مندوں سے ان کی دولت فلاحی کاموں میں صرف کرنے کی استدعا کی تھی۔