ایران کے کونسل جنرل محمد حسین بنی اسدی کی میاں منظور احمد وٹو سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات

پیر 30 مارچ 2015 17:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) ایران کے کونسل جنرل محمد حسین بنی اسدی نے یہاں پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو سے انکی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی جو تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔ بعد میں میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ یمن کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا موقف اس سلسلے میں بڑا واضح ہے کہ یمن کے مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے تمام امکانات تلاش کرنے چاہئیں اور پاکستان کو مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کرنے میں پوری مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے ایران کے کونسل جنرل کو بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اس مسئلے پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے لیے دوسری جماعتوں سے رابطے کر رہی ہے تا کہ ایک بہتر اور قومی امنگوں کے مطابق فیصلہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم برادر ملک سعودی عرب کی علاقائی سا لمیت پر آنچ نہیں آنے دیگی اس لیے کہ سعودی عرب کی سا لمیت کا تحفظ ہر پاکستانی کے ایمان کا حصہ ہے۔ ایران کے کونسل جنرل نے بتایا کہ ایران برادر ملک پاکستان کے تعلقات بہت گہرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر ایک ہی نقطہ نظر رکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان یمن کے سفارتی اور سیاسی حل کے لیے ایک بھرپور کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :