دہشت گردی ،انتہا پسندی کا حل جنگ نہیں تعلیم کا فروغ ہے، ڈپٹی کمشنر مظفر آباد

پیر 30 مارچ 2015 17:33

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعودالرحمان اور ایس ایس پی عرفان مسعود کشفی نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا حل جنگ نہیں تعلیم کا فروغ ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے مظفرآباد میں بیلہ نور شاہ کے مقام پرپنجتنی فائنڈیشن کے زیر اہتمام مستحق طلباء و طالبات میں نصابی کتب کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعودالرحمان نے کہا کہ بچوں کو تعلیم دلانے میں والدین کے ساتھ تعاون کرنا اور کسی بھوکے شخص کو کھانا کھلانا سب سے بڑی نیکی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے واضح کیا کہ مڈل سکول بیلہ نور شاہ کی زمین کا تنازعہ حل کرنے کے لیے انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی مگر سکول پر قبضہ کسی صورت نہیں ہونے دیں گی اگرکسی کا حق ہے تو حکومت اس کا حق ضرور دے گی۔

ایس ایس پی مظفرآباد عرفان مسعود کشفی نے کہا کہ اپنے بچوں کو تعلیم دینا والدیم کی طرف سے سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔دہشت گردی اور انتہا پسند ی کاحل جنگ نہیں بلکہ تعلیم کا فروغ ہے۔اس موقع پر سابق کونسلر منظور حسین شاہ ‘چیئرمین پنجتنی فاؤنڈیشن زاہد بخاری کے علاوہ دیگر مقررین نے خطاب کیا۔تقریب کے دوران مستحق طلباء و طالبات میں درسی کتب تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :